تازہ خبریں

ہندوستان کے معروف اسلامی اسکالر مولانا وحیدالدین خان نہیں رہے

مولانا وحید الدین خان پانچ زبانیں جانتے تھے (اردو، ہندی، عربی، فارسی اور انگریزی)اور وہ ان زبانوں میں لکھتے اور بیان دیتے تھے۔

نئی دہلی: ہندوستان کے معروف اسلامک اسکالر اور پدم بھوشن سے سرفراز مولانا وحیدالدین خان کا کل دہلی میں انتقال ہوگیا۔ وہ 96 برس کے تھے۔ کورونا وبا کے اس دلخراش دور میں لگاتار دلدوز خبریں سامنے آرہی ہیں۔ مشہور عالم دین اور مفکر اسلام مولانا وحید الدین خان اس دنیا سے حقیقی دنیا کی طرف رخصت ہو گئے۔ گزشتہ ہفتے ان کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو برآمد ہوا تھا جس کے بعد وہ اسپتال میں زیر علاج تھے۔

ان کی پیدائش یکم جنوری 1925ء کو بڈھریا اعظم گڑھ، اتر پردیش میں ہوئی۔ وہ مدرسۃ الاصلاح اعظم گڑھ کے فارغ التحصیل عالم دین، مصنف، مقرر اورمفکرتھے۔ وہ اسلامی مرکز نئی دہلی کے چیرمین اور ماہ نامہ الرسالہ کے مدیر تھے۔

وہ 1967ء سے 1974ء تک الجمعیۃ ویکلی(دہلی) کے مدیر رہ چکے ہیں۔ آپ کی تحریریں بلا تفریق مذہب و نسل مطالعہ کی جاتی ہیں۔ خان صاحب پانچ زبانیں جانتے تھے (اردو، ہندی، عربی، فارسی اور انگریزی)اور وہ ان زبانوں میں لکھتے اور بیان دیتے تھے۔

ٹی وی چینلوں میں آپ کے پروگرام نشر ہوتے رہے ہیں۔ مولانا وحیدالدین خاں عام طور پر دانشور طبقہ میں امن پسند مانے جاتے ہیں۔ ان کا مشن ہے مسلمان اور دیگر مذاہب کے لوگوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا۔ اسلام کے متعلق غیر مسلموں میں جو غلط فہمیاں ہیں انہیں دور کرنا۔ مسلمانوں میں مدعو قوم (غیر مسلموں) کی ایذا وتکلیف پر یک طرفہ طور پرصبر اور اعراض کی تعلیم کو عام کرنا ہے جو ان کی رائے میں دعوت دین کے لیے ضروری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!