ناسک میں آکسیجن ٹینکر لیک ہونے سے 22 افراد جاں بحق، ریاستی حکومت نے کیا 5-5 لاکھ کی مالی امداد کا اعلان
ممبئی: مہاراشٹر کے ناسک میں ایک اسپتال کے باہر آکسیجن ٹینکر لیک ہو جانے سے 22 افراد کی جان چلی گئی۔ اس واقعہ کی وجہ سے آکسیجن کی سپلائی کو آدھے گھنٹے کے لئے بند کرنا پڑا۔ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ شہر کے ذاکر حسین اسپتال کے نزدیک پیش آیا۔ یہاں پر 80 میں سے تقریباً 31 مریضوں کو آکسیجن کی ضرورت تھی، جنہیں دوسرے اسپتال میں منتقل کرایا گیا ہے۔
مہاراشٹر کے ناسک میں آکسیجن گیس سے بھرا سلینڈر لیک ہونے کی وجہ سے پیش آنے والے ایک دردناک حادثہ کے دوران 22 افراد کی جان چلی گئی ہے۔ ناسک ضلع کے ضلع مجسٹریٹ نے ان اموات کی تصدیق کی ہے۔ وزیر برائے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر راجیندر شنگانے نے کہا، ’’یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے، جس کی جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے۔ جو بھی اس معاملہ میں قصور وار ہوگا وہ بخشا نہیں جائے گا۔‘‘
مہاراشٹر کے وزیر صحت نے کہا، ’’ناسک میں ٹینکر کے وَالو میں لیکیج ہونے کی وجہ سے آکسیجن کے اخراج کا واقعہ پیش آیا۔‘‘ گیس پورے علاقہ میں پھیل گئی جس کی وجہ سے گھبراہٹ کی صورت حال پیدا ہو گئی۔ فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیوں کو لیکیج روکنے کے لئے موقع پر بھیجا گیا۔ لیکیج کو قابو میں کرنے کا کام تاحال جاری ہے۔
این سی پی کے لیڈر مجید میمن نے ٹوئٹ کر کے کہا، ’’ناسک میں ٹینکر سے آکسیجن لیک ہونے سے کافی آکسیجن کا نقصان ہوا اور اسپتال میں گھبراہٹ کی صورت حال پیدا ہو گئی۔ اس لاپروائی کے لئے جو بھی ذمہ دار ہے اس کی شناخت کی جانی چاہیے اور اسے سزا ملنی چاہیے۔‘‘
مہاراشٹر کے دفتر وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا ہے کہ ناسک میں آکسیجن اخراج کی وجہ سے جان گنوالے والے افراد کے اہل خانہ کو 5-5 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ نیز اس معاملہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات بھی کرائے جانے کا حکم دیا گیا ہے۔
دریں اثنا، وزیر اعظم نریندر مودی نے اس حادثہ پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ناسک کے اسپتال میں آکسیجن ٹینک لیکیج کی وجہ سے پیش آنے والا حادثہ دردناک ہے۔ اس حادثہ کی وجہ سے زندگیوں کا ضیائع پریشان کن ہے۔ تکلیف کے ان لمحانت میں متاثرہ کنبوں سے میری تعزیت۔‘‘