حیدرآبادی طالب علم نےٹیبل ساکر بین الا قوامی کھیل مقابلوں میں دو طلائی تمغے حاصل کیے۔
اکتوبر 2019 میں امریکہ میں ہونے والی عالمی چیمپئین شپ کے لئے کوالیفائی
حیدرآباد:17 اپریل (اے این ایس) انٹیگرل فاؤنڈیشن اسکول ٹولی چوکی کے کم عمر نوجوان زاکر علی خان نے غیرمعمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے گذشتہ ہفتہ نیپال میں منعقد ہونے والے ٹیبل ساگر کے بین الا قوامی کھیل مقابلوں میں اندرون 14 سال سنگلز اور مکسڈ ڈبلز میں دو طلائی تمغے حاصل کرتے ہوئے نئی تاریخ بنائی ہے ۔ دو طلائی تمغوں کےحصول کے بعد اس طالب علم کو شہر حیدرآباد میں عوام خصوصاً نوجوانوں کے درمیان زبردست مقبولیت حاصل ہورہی ہے۔
نیل ساگر کے ابھرتے ہوئے نوجوان کو اس عظیم الشان فتح و کامرانی سے ہمکنار کرنے میں انٹیگرل فاؤنڈیشن اسکول، ٹولی چوکی کے اس پرورش کوچ سید ابرار حسین امتیاز کی غیر معمولی توجہ اور مسلسل تربیت شامل رہی ۔ سید ابرار حسین انٹیگرل فاؤنڈیشن گروپ آف اسکول کے شعبہ گیمس اور اسپورٹس کی سربراہ ہیں۔ طلبا کے لئے ان کی حوصلہ افزائی اور توجہ دہانی کو ایک عمدہ مثال کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
ڈائریکٹر اسکول محترمہ طلعت نگار کے مطابق طلباء کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو پروان اور ان کی مسلسل پرورش کرتے رہناانٹیگرل فاؤنڈیشن اسکول کااولین ہدف ہے۔طلباء کی ہمہ جہتی ترقی کے ساتھ ان میں اعتماد اور بنیادی اخلاقیات کو پروان چڑھانا ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبا میں ہر میدان کی قیادتی صلاحیتوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، ان صلاحیتوں کو سماجی مسائل کو دور کرنے اور اعلی اقدار کو فروغ دینے کے لئے استعمال ہونا چائیے۔ اسی لئے انٹگرل فاونڈیشن اسکول میں خواہ تعلیم ہو یا کھیل کا میدان طلبا کی انفرادی شخصیت کی ترقی پر زور دیا جاتا ہے۔ ہمارے اسکولوں میں رایٔفل شوٹنگ، کرکٹ، فٹ بال اور شطرنج کے میدان میں آگے بڑھنے طلبا کو مختلف سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔
یاد رہےآئی ایف ایس رائفل اکیڈمی سے تین طلبا بشمول دو طالبات نے گزشتہ سال ریاست تلنگانہ کی سطح پر گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد را ئفل کی شوٹنگ کے نیشنل ایونٹ میں بھی حصہ لیا تھا۔

