ضلع بیدر سے

بیدرشاہین اسکول معاملہ: ویلفیئرپارٹی کے ریاستی سیکریٹری نے خواتین کو فوراََرہا کرنےاورالزامات ہٹانے کا ایس پی سے کیا مطالبہ

بسواکلیان: 12/فروری (ایم این) بیدر ضلع کے شاہین اسکول میں CAA قانون کے خلاف بچوں کے ڈرامے کولے کر ادارے کو نشانہ بنایاجارہا ہے۔ بیدر پولیس نے اسکول پر سیڈیشن کامقدمہ درج کیا ہے جس کے پیش نظر شاہین پرائمری اسکول کی صدرمعلمہ محترمہ فریدہ بیگم اور اس ڈرامے میں حصے لینے والی لڑکی کی والدہ نجم النساء کو پولیس نے حراست میں لیا ہے۔ ویلفیئرپارٹی آف انڈیا کے ریاستی سیکریٹری جناب مجاہدپاشاہ قریشی کی قیادت میں بسواکلیان سے ایک وفد نے بیدر پہنچ کر شاہین اسکول کادورہ کرتے ہوئے جناب توصیف احمد میڈیکیری CEOشاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشن اور جناب آصف علی سے ملاقات کی اور اس معاملہ پرتفصیلی بات کی۔

بعد ازاں وفد نے ڈسٹرکٹ جیل پہنچ کر متاثرہ خواتین سے بھی ملاقات کرتے ہوئے اس پورے معاملے کو سمجھنے کی کوشش کی۔ جناب مجاہد پاشاہ قریشی ریاستی سیکریٹری WPIکرناٹک نے پولیس کی جانب سے اس معاملہ کو طول دئے جانے کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ سیاسی دباؤ کے پش نظر ایک اقلیتی تعلیمی ادارہ جو کہ ملک بھر میں اپنی شناخت رکھتا ہے کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

پولیس کا بارہا اسکول پہنچ کر طلباء سے پوچھ تاچھ کرنے پر بھی انہوں نے تشویش کا اظہا ر کیا کہ پولیس کا سیول ڈریس میں بارہا اسکول پہنچ کر طلبہ سے پوچھ تاچھ کرنا بچوں میں ڈر کا ماحول پیداکرنا سراسر غلط ہے جس کی وجہ سے طلبہ نفسیاتی طور پر سہمے ہوئے ہیں، اور اس طالبہ کی والدہ جس کو پولیس نے حراست میں لت رکھا ہے وہ ایک بیوہ خاتون ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں،بچی اپنی ماں سے ملنے تڑپ رہی ہے جو کہ واقعی میں بڑے دکھ کی با ت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی جانب سے جو الزامات لگائے گئے ہیں وہ باالکل بے بنیاد ہیں،لہٰذا انہوں نے SPبیدر سے اپیل کی کہ جلد ازجلد فریدہ بیگم اور نجم النساء پر لگائے گئے الزامات ہٹائے جائیں اور انہیں رہا کیاجائے۔ اس موقع پرمبشر سندھے ضلعی صدر ویلفیئرپارٹی بیدر، جناب یعقوب اختر ویلفیئرپارٹی آف انڈیا بسواکلیان، انگریزی اخبار The Hindu کے ریجنل صحافی کمار بورڈی، محمد نعیم الدین سینئرصحافی بسواکلیان کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!