تمل ناڈو اسمبلی انتخابات میں SDPI کی حمایت کرنے کا پاپولرفرنٹ نے کیا فیصلہ
چنئی: 2/مارچ (پی آر) تمل ناڈو اور پدوچیری اسمبلی انتخابات میں اے ایم ایم کے (AMMK) کے ساتھ اتحاد کرکے ایس ڈی پی آئی انتخابات کا سامنا کررہی ہے۔ تمل ناڈو میں آلندور، آمبور، ترو وارور، ترچی ویسٹ، مدورائی سینٹرل، پالائم کوٹائی جملہ 6اسمبلی حلقوں اور پدوچیری میں نیلی توپ، اریانکپم، کارائیکال شمال، ماہے جملہ 4اسمبلی حلقوں میں ایس ڈی پی آئی انتخاب لڑر ہی ہے۔ لہذا، پاپولرفرنٹ آف انڈیا نے اسمبلی انتخابات میں ایس ڈی پی آئی کی حمایت کرنے اور امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے مذکورہ اسمبلی حلقوں میں کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس ضمن میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ریاستی صدر محمد شیخ انصاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بطور سیاسی پارٹی ایس ڈی پی آئی اقتدار حاصل کرنے کی طرف گامزن ہے۔ ایس ڈی پی آئی نے ہونے والے اسمبلی انتخابات میں اے ایم ایم کے (AMMK) کے ساتھ اتحاد کرکے تمل ناڈو اور پدوچیری میں 10اسمبلی حلقوں سے انتخاب لڑرہی ہے۔ یہ اتحاد اے آئی اے ڈی ایم کے اور بی جے پی کے خلاف مضبوط اتحاد ہے۔ جس طرح بی جے پی اور آر ایس ایس مسلم برادری کے اقتدار میں آنے کیلئے رکاوٹ ہے اسی طرح دوسری بڑی سیاسی پارٹیاں بھی بی جے پی کا ڈر دکھا کر مسلمانوں کو مناسب نمائندگی دینے سے انکار کرتی ہیں۔ ایسے ماحول میں فریب کی سیاست کا شکار ہوئے بغیر ایس ڈی پی آئی کی جانب سے لئے گئے مثبت سیاسی فیصلے کا پاپولر فرنٹ خیر مقدم کرتی ہے۔
ان انتخابات میں بی جے پی اور آر ایس ایس کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بغیر کسی سمجھوتے کے مقابلہ کرنے والے اور بغیر کسی توقع کے سماجی خدمات کرنے والے ایس ڈی پی آئی کے امیدوار ووٹ کے حقدار ہیں۔ ملک کو خطرے میں ڈالنے والے فسطائی سنگھ پریوار کے خلاف ایس ڈی پی آئی بلا خوف و خطر مقابلہ کرتی رہتی ہے۔ نہ صرف انتخابات کے دوران بلکہ مظلوم طبقے کی آواز بن کر اور قدرتی آفات کے دوران تمام طبقے کے لوگوں کو دن رات دیکھے بغیر خدمت کرتی ہے۔ لہذا، پاپولر فرنٹ آف انڈیا نے تمل ناڈو اور پدوچیری میں 6اپریل 2021کو ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ایس ڈی پی آئی کی حمایت کرنے اور امیدواروں کی کامیابی کیلئے کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پا پولر فرنٹ آٖ انڈیا رائے دہندگان سے اپیل کرتی ہے کہ وہ ایس ڈی پی آئی کے امیدواروں کو اپنا قیمتی ووٹ دیکر انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔