شہزاد خان مجلسِ اتحاد المسلمین کے بلڈانہ ضلع صدر نامزد
کھام گاؤں: یکم اپریل (ڈبلیو این) مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) کے ریاستی کار گذار صدر ڈاکٹر غفار قادری نے 30 مارچ کو مجلس کے ریاستی دفتر اورنگ آباد میں بلڈانہ ضلع صدر کے لئے شہزاد خان کے نام کا اعلان کیا۔ جس سے بلڈانہ ضلع میں بلخصوص نوجوانوں میں خوشی پائی جارہی ہیں۔ ملکاپور کے نوجوان رکن بلدیہ ، گٹ نیتا شہزاد خان گزشتہ کئی سالوں سے بلڈانہ ضلع میں مجلس کا کام کررہے ہیں۔ انہوں نے ضلع میں مجلس کو مضبوط بنانے کے لئے بہت کام کیا ۔یہی وجہ ہے کہ آج ضلع کے شہروں اور دیہاتوں میں مجلس کے کارکن موجود ہیں۔ نگر پریشد، گرام پنچایت انتخابات میں مجلس نے اپنی طاقت بڑھائی ہیں۔
پارٹی کے لئے شہزاد خان کی خدمات کو دیکھتے ہوئے ریاستی مجلس عاملہ نے انہیں بلڈانہ ضلع کی ذمہ داری سونپی ہے۔ شہزاد خان کے بلڈانہ ضلع صدر نامزد ہوجانے سے مجلس میں ایک نئی جان پیدا ہوگئی ہے۔ اپنی نامزدگی کے بعد انہوں نے نمائندے سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ جلد ہی مجلس کے عہدیداران و کارکنان سے رابطہ قائم کرکے آئیندہ ہونے والے نگر پریشد کے انتخابات کے تعلق سے لائحہ عمل تیار کریں گے۔ لیکن پہلے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مجلس سے جوڑنے کی کوشش کریں گے۔