ہلی کھیڑ: الحاج شیخ مستان شاہ قادری چشتی افتخاری کا انتقال پُر ملال
بیدر: 30/مارچ (اے ایس ایم) ہلی کھیڑ بزرگ کی ممتاز علمی، ادبی و روحانی شخصیت عالی جناب الحاج شیخ مستان شاہ قادری چشتی افتخاری سجادہ نشین درگاہ حضرت شیخ عبدالجلیل شاہ قادری چشتی افتخاریؒہلی کھیڑ(بی) نے کل صبح کی اولین ساعتوں میں اپنی رہائش گاہ حیدرآباد میں حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے اپنی جان مالک حقیقی کے سپرد کردی۔حضرت کی نماز جنازہ جامع مسجد ہلی کھیڑ(بی) میں بعد نماز عشاء شیخ عبدالجلیل شاہ قادری فرزند اصغر وخلیفہ ممدوح کی امامت میں اداکی گئی۔اورحضرت علامہ مولانا مفتی محمد انوار احمد صاحب نظامی نائب شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ رقت انگیز دعا فرمائی اور تدفین احاطہ درگاہ حضرت جلیل شاہ قادری افتخاری ؒ گلشن مستانہ میں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں بادیدہئ نم عمل میں آئی۔
جلوس،نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر اہلیان ہلی کھیڑ (بی)، مریدین،معتقدین،دینی، تعلیمی ملی، سماجی مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین بلا لحاظ مذہب وملت عقیدتمندان کے علاوہ نظام آباد،کاماریڈی، بانسواڑہ، بودھن، حیدرآباد، ناندیڑھ،ریاست آندھراپردیش، تلنگانہ مہاراشٹرااور کرناٹک کے علاوہ ملک کے مختلف مقامات سے حضرت کے چاہنے والوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے اظہار تعزیت کیا اور ورثہ کو پرسہ دے کر حضرت کے درجات کے بلندی کی دُعا فرمائی۔واضح رہے کہ حضرت اہلیان ہلی کھیڑ(بی) بالخصوص تنظیم کمیٹی جامع مسجد ہلی کھیڑ(بی) کی ایک بڑے عرصہ تک صدارت فرمائی اور ہر معاملہ میں دبدبہ کے ساتھ سرپرستی فرماتے رہے۔
حضرت ہی کی سرپرستی میں جامع مسجد ہلی کھیڑ(بی) خانقاہ و درگاہ حضرت جلیل شاہ قادری، درگاہ حضرت مدن شاہ ولی ؒ کے تعمیراتی کام اور انتظامات بحسن خوبی انجام پاتے رہے۔حضرت کے فرزندان شیخ سمیع اللہ شاہ قادری افتخاری عرف متین بابا نامزد سجادہ نشین حضرت ممدوح شیخ ابرار شاہ قادری افتخاری شیخ عبدالجلیل شاہ قادری افتخاری،شیخ ندیم اللہ شاہ قادری افتخاری نے دعائے مغفرت اور درجات کے بلندی کی گذارش کی ہے۔
حضرت ممدوح کے برادر ان میں برادر اکبر محمد معین اللہ شاہ قادری چشتی افتخاری سجادہ نشین حضرت جلیل شاہ قادری افتخاری کے علاوہ محمد افتخار علی شاہ قادری، محمد اعجاز شاہ قادری افتخاری شامل ہیں،شیخ عبدالغنی شاہ قادری افتخاری سجادی نشین،شیخ مستان شاہ قادریؒ، محمد سیف اللہ شاہ قادری افتخاری خلیفہ محمد پاشاہ قادری افتخاریؒ۔و برادران و جمیع افراد خاندان نے انتہائی غم کا اظہار کیا۔جیسے ہی حضرت کے پردہ فرمانے کی اطلاع ہلی کھیڑ(بی) میں پہونچی شہر کے تمام کاروباری ادارہ جات بطور احترام رضاکارانہ طور پر بند کردئے گئے۔ اورقطار در قطار مرد و خواتین حضرت کے مکان پہونچ کر دیدار کرتے ہوئے افراد خاندان کو پرسہ دیا۔
حضرت انتہائی ملنسار،ساد ہ مزاج غربا ء پرور مریدین کے حق میں ماں باپ سے زیادہ شفیق و مہربان با اخلاق و خوش گفتار پابند شریعت متقی و پرہیز گار تھے۔صدر تنظیم کمیٹی سید اسد صاحب عہدیداران وا راکین تنظیم کمیٹی جامع مسجد ہلی کھیڑ(بی) کی نگرانی میں تمام اہلیان ہلی کھیڑ(بی) و مریدین معتقدین نے انتظامات میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔