اقتدار میں آنے پر ’CAA‘ کو ختم کرنے کے لئے قانون سازی کریں گے: راہل گاندھی
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ شہریت (ترمیمی) قانون ملک کے باشندوں پر ایک مہلک حملہ ہے اور ان کی پارٹی آسام اسمبلی انتخابات کے بعد اقتدار میں آنے پر اس قانون کو نافذ نہیں ہونے دے گی
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ شہریت (ترمیمی) قانون سی اے اے ملک کے باشندوں پر ایک مہلک حملہ ہے اور ان کی پارٹی آسام اسمبلی انتخابات کے بعد اقتدار میں آنے پر اس قانون کو نافذ نہیں ہونے دے گی۔
راہل گاندھی نے منگل کے روز ٹویٹ کر کے کہا ’’سی اے اے آسام پر حملہ ہے، زبان، سوچ، تاریخ، ثقافت پر حملہ کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ یہ ہم کبھی ہونے نہیں دیں گے۔ حکومت بنانے کے بعد ہم آسام میں قانون بنائیں گے اور سی اے اے کو لاگو نہیں ہونے دیں گے۔‘‘
راہل گاندھی نے کہا کہ جب سے مودی سرکار اقتدار میں آئی ہے تب سے لے کر آج تک چائے باغات مزدوروں سمیت کروڑوں مزدوروں کے لئے کچھ بھی نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج جب آسام اسمبلی انتخابات نزدیک ہیں، تو مودی سرکار چاہتی ہے کہ ان کی ’من کی بات‘ پر یقین کریں۔ انہوں نے پوچھا کہ چائے باغات مزدوروں سمیت کروڑوں مزدوروں کے آنسوں پونچھنے کے لئے مزکری سرکار کے لئے نے کیا کیا؟
راہل گاندھی نے کہا ’’جملوں اور ترقی کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے- عوام یہ سمجھ چکے ہیں۔ ہم نے چھتیس گڑھ، راجستھان، مدھیہ پردیش میں واضح کر دیا تھا کہ ہم جو وعدے کریں گے، ان وعدوں کو پورا کر کے دکھائیں گے۔ یہ وعدے کھوکھلے نہیں ہیں۔ چھتیس گڑھ میں ہم نے قرض معاف کر کے دکھایا ‘‘۔
انہوں نے نوٹ بندی کے سلسلے میں بھی حکومت پر حملہ کیا اور کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی سے معیشت کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔ نیز حکومت کو یہ سمجھنا چاہئے کہ سب کی جیب سے پیسے نکال کر معیشت کو چلایا نہیں جا سکتا۔