خبریںقومی

نکاح کو سادہ اورآسان بنانے ہمہ جہت کوششوں کی ضرورت، آن لائن کانفرنس سے دانشوران قوم و ملت کا خطاب

نئی دہلی: 29/مارچ (پی آر) اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈکی جانب سے چلائی جانے والی سادہ اور آسان نکاح مہم وقت کی اہم ضرورت ہے اور جس منظم طریقہ اور وسیع پیمانے پر یہ مہم شروع ہوئی ہے اس سے اس بات کی امید جاگی ہے کہ اصلاحی کاموں کی بنیاد مسلم معاشرہ میں مضبوط ہوگی اور خاص طریقہ پر نکاح کے سلسلہ میں پائی جانے والی خرابیوں پر قدغن لگے گی انشاء اللہ رحمن ۔ان زریں خیالات کا اظہارآل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری جناب ظفر یاب جیلانی صاحب نے دانشوران قوم و ملت کا پیغام ملت اسلامیہ کے نام اس عنوان پر منعقد کی جانے والی آن لائن کانفرنس میں کیا انہوں نے چند قیمتی تجاویز پیش کرتے ہوئے اس مہم کو مسلسل جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے منعقد کی جانے والی اس آن لائن کانفرنس میں ملک کی ممتازشخصیات اور کئی اہم تعلیمی اداروں کے سربراہ حضرات نے شرکت کی۔

جناب شاہد لطیف صاحب (مدیر انقلاب)نے اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سادہ اور آسان نکاح مہم کو برادران وطن تک وسیع کرنے کی گذارش کی اسی طرح انہوں نے خوشگوار ازدواجی زندگی کے لئے کائونسلنگ کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور یہ بھی کہا کہ جلسوں اور کانفرنسوں سے زیادہ عملی نمونوں کی ضرورت ہے ۔

مشہور دانشوراورسماجی کارکن قاسم رسول الیاس صاحب( رکن مجلس عاملہ بورڈوایڈیٹر ماہنامہ افکارملی ) نے اپنے خطاب میں یہ بتایاکہ بورڈ کاایک اہم کام اصلاح معاشرہ ہے۔اوراسے وسیع پیمانے پر انجام دینے کی ضرورت ہے۔بورڈ کے کاموں کی الگ الگ جہتیں ہیں لیکن یہ کام مستقل اورمسلسل جاری رہنا چاہیے انہوں نے اس بات پر بھی زور دیاکہ بورڈ کی جانب سے ہرمسجد میں خطبہ جمعہ بھیجاجانا چاہیے۔تاکہ اصلاح معاشرہ کاپیغام ہر مسجد کے منبر سے دیا جاسکے۔

اجلاس کے آغاز میں جناب ثناء اللہ صاحب (سابق آئی اے ایس افسر )نے مساجد کو مختلف دینی خدمات کا مرکز بنانے کی بات کہی۔اس طرح جناب نثار احمد صاحب (سابق آئی پی ایس افسر )نے ولیمہ کی سادگی اوربارات کے خاتمہ کی بات کہی۔مولانا شبیر احمدندوی (ناظم مدرسہ اصلاح البنات )نے کرناٹک میں انجام دی جانے والی اصلاحی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اوریہ بتایاکہ چند دن پہلے بنگلور کے ایک بڑے مالدار گھرانے کی لڑکی کی رسم منگنی ایک بڑے ہوٹل میں انجام پائی اس مہم کے شروع ہونے کے بعد ان سے گفتگوکی گئی توالحمد للہ انہوں نے سادگی کے ساتھ مسجد میں نکاح کی تقریب منعقد کرنے کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔انجمن اسلام ممبئی کے چیئر مین ڈاکٹر ظہیر قاضی نے بورڈ کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے یہ کہاکہ ہر علاقہ کے موثر افراد اوراہم جماعتوں اور تنظیموں کو اس مہم سے جوڑناچاہیے ۔انہوں نے اپنے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے یہ کہاکہ اس مہم کے لیے میں اورمیرا ادارہ قدم قدم پر ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں۔

مشہور تعلیمی شخصیت جناب ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب (چیئر مین شاہین ادارہ جات بیدر ،کرناٹک)نے اپنے درد دل کا اس طرح اظہار کیا کہ وہ قوم کس طرح سرخرو اورکامیاب ہوسکتی ہے جو اپنے بچوں اوربچیوں کی شادی میں تعلیم سے زیادہ خرچ کرتی ہے چاہیے تویہ تھا کہ تعلیم پر زیادہ خر چ کیاجاتااورنکاح سادگی کے ساتھ انجام پاتا۔مگر افسوس کہ مسلمان تعلیم سے زیادہ شادی پر خرچ کررہے ہیں اور لاکھو ں لاکھ روپئے فضول برباد کر رہے ہیں، جناب ڈاکٹر عبدالقادر فضلانی صاحب (چیرمین فضلانی انٹرنیشنل اسکول ممبئی )نے اپنے مختصر مگر جامع خطاب میں یہ تجویز پیش کی کہ جو حضرات اپنے یہاں کے نکاح کی تقریبات میں زیادہ خرچ کرنا چاہتے ہیں انہیں اس بات کا پابند کیا جائے وہ نکاح کی تقریب سادگی سے انجام دیں اور بچی ہوئے رقم کو مسجد کی تعمیر یا کسی اسکول اورکالج کے قیام یا کسی اور رفاہی کام میں استعمال کریں،

جناب مولانا ڈاکٹر یاسین علی عثمانی (رکن مجلس عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ )کو بھی اس کانفرنس میں شرکت کرنی تھی لیکن وہ اپنی علالت کے سبب شریک نہ ہو سکے ۔آن لائن کانفرنس کا آغاز صبح ساڑھے گیارہ بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔ بعد ازاں مجلس کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب (سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ )نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم نکاح میں پائی جانے والی خرابیوں اور رسم و رواج کے خلاف طاقتور آواز بلند کریں اور ہر قسم کے مفاسد اور بُری باتوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں انہوں نے اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے کی جانے والی اصلاحی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی اور یہ بتایا کہ نکاح کو آسان اور سادہ بنانے کے سلسلہ میں بورڈ کی جانب سے ایک اقرار نامہ مرتب کیا گیا ہے جس پر تمام مسالک اور مکاتب فکرکے ذمہ دار حضرات کے دستخط لیے گئے ہیں، اس اقرار نامہ کو آنے والے جمعہ کو ہر مسجد میں بھیجا جائے گا اور مصلیان سے سادہ اور آسان نکاح کے سلسلہ میں اقرار کروایا جائے گا، اسی طرح اس اقرار نامہ کو ہر مسجد میں آویزاں کرنے کی کوشش کی جائے گی ان شاء اللہ ۔

انہوں نے اپنی ابتدائی گفتگو میں یہ بھی بتایا کہ اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے تربیتی ورکشاپ کا نظام بھی بنایا جا رہا ہے اور اس کے لئے باضابطہ ایک نصاب تیارہورہا ہے، جس کے ذریعے خوشگوار ازدواجی زندگی کی تربیت دی جائے گی ،اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے کی جانے والی اس آن لائن کانفرنس سے ہزاروں لوگوں نے استفادہ کیا، آخر میں مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے صدر مجلس اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا نیز بطور خاص مولانامحمدشعیب صدیقی صاحب کے لئے بھی انہوں نے کلمات تشکر کہے جن کے زیر نظم یہ کانفرنس کامیابی سے ہمکنار ہوئی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!