درگاہ آستانہ قادریہ میں جلسہٴ استقبال شب براٴت، ڈاکٹر خلیفہ محمد ادریس احمد قادری بگدلی کا خطاب
بیدر: 26/مارچ(اے ایس ایم) حضرت علی ؓ مولائے کائنات سے مروی ہے کہ رسول اکرمؐ نے ارشاد فرمایا جب شعبان کی پندرھویں تاریخ آئے تو اس رات میں عبادت کرو اور اس کے دن میں روزے رکھو کیونکہ اللہ تعالیٰ اس رات میں غروب شمس کے وقت آسمان دنیا پر نزول فرماتے ہیں اور اعلان فرماتے ہیں کہ ہے کوئی مجھ سے مغفرت چاہنے والا کہ میں اس کی مغفرت کردوں،ہے کوئی مجھ سے روزی مانگنے والا میں اس کو روزی دوں، ہے کوئی مصیبت میں پھنسا ہو اُس کو کہ اس کی عافیت و سلامتی عطا کروں وغیرہ،اس طرح کا اعلان فجر تک ہوتا رہتاہے۔ان خیالات کااظہارپیران طریقت ڈاکٹر خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری بگدلی سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف میں منعقدہ ماہانہ جلسہ درس قادریہ و استقبال شب برات کے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس شب کو لیلۃ البرات نام اس وجہ سے رکھا گیا ہے کہ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؓ نے فرمایا کہ اس شب کو لیلۃ البرات اس وجہ سے کہا جاتاہے کہ اس رات میں دو قسم کی برات ہوتی ہے۔ایک برات کوگناہ گاروں کو منجانب اللہ برات ہوتی ہے اور اللہ والوں کی عزت میں بڑھاوا ہوتاہے۔حضرت شیخ عبدالقادر ؓ فرماتے ہیں کہ جس طرح مسلمانوں کیلئے اس روح زمین پر دو عید کے دن مقرر ہیں اسی طرح آسمان پر دور اتیں بطور عید مقرر کی گئی ہیں۔ایک شب برات دوسری شب قدرمومنوں کی عید دن میں رکھی گئی ہے۔ کیونکہ رات میں سوتے ہیں اور فرشتوں کی عید رات میں رکھی گئی ہے کیونکہ وہ سوتے نہیں۔
ڈاکٹر خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری بگدلی نے کہا شب برات فیصلہ اور رضامندی اور قبولیت کی رات ہے، سعادت، سخاوت اور کرامت کی رات ہے اس رات میں موت وحیات کے فیصلے کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس رات میں اپنے مرحومین کیلئے خوب دعا کریں۔ سنت و نوافل کا احترام کریں اور آنے والے ماہ رمضان المبارک میں روزوں کے ساتھ ساتھ غربا و مساکین کا بھی خاص خیال رکھیں۔انہوں نے شب برات کے بیشمار فضائل پرسیر حاصل روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ پنچ وقتہ نمازوں کی پابندی کریں۔انہوں نے کہا کہ حضور سیدناغوث الاعظم دستگیر ؓ فرض نمازوں اوررمضان المبارک کے روزوں کی خود بھی پابندی کرتے اور دوسروں کو بھی پابندی کی تلقین فرمایا کرتے۔
انہوں نے کہا محبت رسول کے بغیر کچھ بھی حاصل نہیں ہوتا۔اگر کوئی بندہ حضور ﷺ پر درود شریف بھیجتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے دس درجہ بلند فرماتاہے۔ جس کے سینہ میں عشق رسول ہوتاہے وہ ہمیشہ کامیاب رہتاہے۔انہوں نے حضر ت شاہ سید قادرولی ؒ کے کرمات پر سیر حا صل روشنی ڈالی۔محمد لئیق احمد قادری بگدلی شہ نشین پر موجو د تھے۔قرأ ت کلام پاک مولا نا حافظ محمد زاہدحسین رضوی، محمد سلیم بھائی قادری ظہیرآباد، محمد فہیم الدین،حافظ شاہنواز، نے حمد و نعت، منقبت کا نذرانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ڈاکٹر خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری بگدلی نے، شجرہ عالیہ قادریہ اور درس تصوف دیا۔ جلسہ فاتحہ، سلام، اور دعائے سلامتی کے بعد تکمیل پذیر ہوا۔ لنگر خانہ قادریہ میں لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا۔