مودی کے ہیلی کاپٹر سے نکلےصندوق میں آخر کیا تھا!بحث کاموضوع بنا
وزیر اعظم نریندر مودی کے ہیلی کاپٹر سے نکال کر ایک گاڑی میں لے جائے گئے ایک بڑے سے صندوق میں آخر کیا تھا؟ کرناٹک کانگریس نے ہفتہ کے روز ایک ویڈیو کلپ کو ٹوئٹ کیا جس میں نظر آ رہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ ہوتے ہی اس میں سے ایک بڑا سا باکس نکالا جاتا ہے اور اسے ایک گاڑی میں رکھ دیا جاتا ہے۔ باکس کو رکھتے ہی گاری تیزی سے چلی جاتی ہے۔ مودی کرناٹک میں ایک جلسہ عام سے خطاب کے لئے پہنچے تھے۔
ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ہیلی کاپٹر سے کچھ لوگ ایک بڑا سا صندوق نکال کر فضائی پٹی کے دوسرے سرے پر کھڑی انووا گاڑی کی طرف دوڑ لگاتے ہیں۔ تیزی کے ساتھ باکس کو گاڑی میں رکھا جاتا ہے اور وہ گاڑی آناً فاناً میں وہاں سے غائب ہو جاتی ہے۔
غور سے دیکھا جائے تو انووا گاری پی ایم کے قافلہ میں شامل نظر نہیں آتی۔ دیکھنے میں یہ کوئی نجی گاڑی لگتی ہے۔ اس ویڈیو کلپ کے وائرل ہونے سے سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے کہ باکس میں آخر کیا تھا!
کرناٹک کانگریس نے اس کلپ کو توئٹ کرتے ہوئے لکھا، ’’چتر درگ میں وزیر اعظم مودی کے ہیلی کاپٹر سے پُر اسرار صندوق نکالکر نجی انووا گاڑی میں رکھا جاتا ہے اور گاڑی ندارد ہو جاتی ہے۔ الیکشن کمیشن کو اس کی جانچ کرنی چاہئیے کہ اس باکس میں کیا تھا اور یہ گاڑی کس کی تھی۔‘‘
یہ کلپ اس انتخابی موسم میں ایسے وقت میں وائرل ہو رہی ہے جب محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے کئی حزب اختلاف کے رہنماؤں کے ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کر رہا ہے۔ حال ہی میں محکمہ انکم ٹیکس کی ایک ٹیم نے سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوےگوڑا کے پشتینی گاؤں میں واقع خاندان کے مندر کی تلاشی لی تھی۔
اس ویڈیو کلپ کے وائرل ہونے پر یہ چرچہ عام ہے کہ اس صندوق میں شاید دولت بھری ہوگی۔ واضح رہے کہ مثالی ضابطہ اخلاق نافظ ہونے کے بعد تشہیرکاری کے دوران کوئی بھی شخص 50 ہزار سے زیادہ کی رقم لے کر نہیں چل سکتا۔
اگر یہ بات ثابت ہو جاتی ہے کہ باکس میں پیسے بھرے ہوئے تھے حکومت کے اس دعوے کی پول کھل جائے گی کہ وہ غیر جانبدارانہ طور پر الیکشن کرانے کی خواہاں ہے۔ دریں اثنا لوگ ٹوئٹر پر اس ویڈیو کو شیئر کر کے مزے لے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر لوگوں نے جو قیاس لگائے ہیں اس کے مطابق باکس میں نقدی، کنگھے، بیف پرانٹھا، این ایس ایس او رپورٹ، ڈگریاں، دستاویزات، کپڑے، ڈائمنڈ فیشئل کٹ، کالا دھن، مشروم، پکوڑے، کھاکرا یا جملے وغرہ بھرے ہو سکتے ہیں۔