ضلع بیدر سے

بلدیہ اورعوامی نمائندے شہریوں کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیےانتظامات کریں: محمد عرفان پٹھان

بیدر: 8/مارچ (اے ایس ایم) محمد عرفان پٹھان سماجی کارکن بیدر نے اپنے ایک صحافتی بیان میں بتایا ہے کہ بیدر ایک تاریخی شہر ہے یہاں پر دور شاہی کی تاریخی عمارتیں، درگاہیں،منادر اور دیگر تاریخی مقامات ہیں جس کو دیکھنے کے لئے دنیا بھر سے لوگ آتے ہیں۔اب جبکہ موسم گرما کا آغاز ہو چکا ہے۔تاریخی قدیم شہر بیدر کے آطراف دور شاہی میں تعمیر کی گئیں تاریخی فصیلیں اور قندقیں موجود ہیں۔ حضور نظام کے دور میں قدیم اور جدید شہر میں نالیوں اور بارش کے گندے پانی کو بہانے کے لئے جو پلان تیار کیا گیا تھا اس پلان سے شہر میں گندہ اور بارش کا پانی نظر نہیں آتا تھا اور آسانی سے گزر جاتا تھا۔ لیکن نئے منصوبے کے تحت غیر منصوبہ بندی کے ساتھ شہر کی سڑ کیں اور نالیوں کی تعمیر کی جانے کے بعد بارش کا پانی سڑکوں پرایک تا دو فیٹ جمع ہو جاتا ہے۔

جس کے باعث اسکول جانے والے معصوم طلبہ و طالبات، ضعیف العمر افراد اور مسافرین کو کئی ایک مشکلات سے گزرنہ پڑھتا ہے اور گھنٹوں ٹرافک جام ہوجاتی ہے۔اور شہر کی نالیوں سے بہنے والے گندے پانی کو شہر کی تاریخی قندقوں میں ذخیرہ کیا جا رہا ہے۔قندقوں میں7 سال سے جمع گندے پانی سے شہر بھر میں تعفن پھیلا ہوا ہے اور طاقتور مچھر کی افزائش نسل نے روز بروز اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے۔ جس کے باعث راتوں کی نیند دن کا چین برباد ہوچکا ہے۔ غریب و غرباء لوگ روز مرہ مچھر بتی کا استعمال کر نے کے مو قف میں نہیں ہیں۔ ان کے معصوم بچے رات بھر مچھر کے کاٹنے سے روتے اور ستاتے ہیں۔ بار بار موؤمنٹ آف جسٹس اور مختلف تنظیموں کی جانب سے نمائندگیوں کے با وجود محکمے بلدیہ اور عوامی نمائندے اس جانب توجہ دینے کی بجائے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔

محمد عرفان پٹھان نے مزید بتایا کہ حکومت کی اسکیم کے تحت شہریان کو 24گھنٹے پانی سپلائی کرنے وعدہ کرتے ہوئے اعلان کیا گیا تھا لیکن وعدہ ابھی تک وفا نہیں ہو سکا۔ اب جبکہ موسم گرماکا آغاز ہو چکا ہے اور ماہ رمضان المبارک آئندہ ماہ آنے والا ہے۔ گرما کے پیش نظر شہریان کو با قائدہ طور پر 24گھنٹے کے بجائے 4گھنٹے ہی صحیح روزانہ پانی دیا جانا چاہیئے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی تمام نالیوں سے گندگی کوصاف کیا جائے،اور قدیم شہر کے اطراف قدیم قندقیں ہیں جن میں گندے پانی کو ایک طویل عرصہ سے جمع کیا گیا ہے و صاف کیا جائے۔

قدیم قندقوں کی دیواروں پر اورتاریخی عمارتوں پر بڑے بڑے درخت اور گھاس اُٹھ چکا ہے اسکو فوری طور پر صاف کیا جائے۔ بلا ناغہ برقی سپلائی کو بحال رکھا جائے۔روزانہ اہم شہراہوں پر ہی نہیں بلکہ گلی کوچوں میں بھی جاروپ کشی کا انتظام کیا جائے۔ شب معراج کے موقع پر تمام قبرستانوں میں صاف و صفائی کا انتظام کیا جائے اور روشنی کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور خود کو عوامی نمائندہ کہنے والے قائدین سے گذارش کی ہے کہ وہ اس جانب خصوصی توجہ دینگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!