نئی نسل کو دینی وعصری علوم سے جوڑنا وقت کی اہم ترین ضرورت: مفتی ثاقب قاسمی
مالیر کوٹلہ: یکم/ مارچ (پی آر) تعلیم انسان کے لئے بنیادی ضرورتوں میں سے ایک ہے، اس کے بغیر دینی اور دنیوی زندگی میں کامیابی کا تصور ممکن ہی نہیں، کیونکہ تعلیم دنیائے انسانیت کا وہ بیش بہا قیمتی اثاثہ ہے جو کسی بھی انسان کو صحیح معنی میں انسان بننے میں مدد فراہم کرتا ہے، اللہ تعالیٰ کا فرمانبردار بندہ، ملک کا بہترین شہری اور انسانیت کا سچا خادم بننا تعلیم کے ذریعہ ہی ممکن ہے، کردار کی بلندی اور اخلاقِ حسنہ کی تعمیر میں تعلیم کا بڑا مؤثر رول ہے، اسے حاصل کئے بغیر ایک صالح اور پر امن معاشرے کا تصور ناگزیر ہے، ان خیالات کا اظہار اپنے بیان میں جامعہ اسلامیہ عزیزیہ مالیر کوٹلہ، پنجاب کے بانی ومہتمم، استاذ حدیث وفقہ مفتی ثاقب قاسمی نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم خواہ دینی ہوں یاعصری دونوں ہی کردار سازی میں اہم رول ادا کرتے ہیں البتہ دونوں طرح کے علوم کا حصول اگر ایک ساتھ ہو تو یہ کسی نعمت عظمی سے کم نہیں ہے، آج کے اس پرفتن دور میں مسلم نوجوانوں اور نئی نسل کو دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم، سائنس اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرانا وقت کا اہم تقاضہ ہے کیونکہ کسی بھی ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کا دارومدار تعلیم پر ہوتا ہے، جس ملک و قوم میں تعلیم کو اہمیت دی جاتی ہے، اعلی تعلیم کو فروغ دیا جاتا ہے، وہ ہمیشہ لوگوں پر اور ان کے دلوں پر راج کیا کرتے ہیں کیونکہ تعلیم کا ہی یہ کمال ہے کہ انسانوں کو جہالت وگمراہی کے اندھیروں سے نکال کر علم وآگاہی کی روشنی میں لاتی ہے، تعلیم ہی کے ذریعے سے دنیا میں امن وامان کی فضا پیدا ہوتی ہے پوری دنیا کے ترقی پذیر ممالک نے تعلیم کی اہمیت کو سمجھا اور اپنے شہریوں میں تعلیم کو فروغ دے کر ترقی کی بلندیوں کو چھوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے اس فتنہ وفساد والے دور میں مدارس اسلامیہ مسلمانوں کے ایمان ویقین کو بچانے کا بڑا اہم کردار ادا کررہے ہیں، مدارس اسلام کے قلعے ہیں، دین اسلام اور شعائر اسلام کی بقاء وحفاظت اور ترقی وفروغ انہی میں مضمر ہے، انہی کی ایک زریں کڑی دینی وعصری تعلیم کی خدمات میں مصروف “جامعہ اسلامیہ عزیزیہ” مالیر کوٹلہ، پنجاب ہے، جامعہ ہذا ایک ایسا ادارہ ہے جس کا مقصد ایسے ہونہار فرزند تیار کرنا ہے جن کے سینے نور نبوت سے معمور ہوں لیکن وہ عصری تعلیم سے بھی باخبر ہوں تاکہ باطل کے مقابلہ میں کسی موڑ پر بھی وہ ہزیمت کا شکار نہ ہوں، جامعہ میں طلباء وطالبات کو ناظرہ قرآن کریم، حفظ قرآن مقدس، تجوید وقرأت اور شعبہ دینیات کی دینی کتب کے ساتھ عصری علوم حساب وانگلش، ہندی وپنجابی وغیرہ کی بھی بہترین تعلیم دی جاتی ہے، طلباء وطالبات کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے باصلاحیت وتجربہ کار اساتذہ کرام ومعلمات کی خدمات حاصل ہیں۔
آج کے حالات ایسے ہیں کہ باطل کی جانب سے بچوں کو اسلامی تعلیمات سے دور کرنے کیلئے مختلف پلاننگ کئے جارہے ہیں ایسے وقت میں مسلمانوں کو چاہیئے کہ ایسے مدارس واسکول میں بچوں کو تعلیم دلائیں جس میں دینی وعصری تعلیم کا قیام عمل میں لایا گیا ہو، تاکہ عصری علوم کے ساتھ بچے آسانی کے ساتھ دینی علوم، تجوید کے ساتھ ناظرہ قرآن، حفظ قرآن مقدس اور دین کی بنیادی تعلیم حاصل کرکے دین ودنیا میں کامیابی وکامرانی حاصل کرسکیں۔