امریکی CIA نے خشوگی قتل کیس میں محمد بن سلمان کومرکزی ملزم قرار دیا، رپورٹ جاری کردی
واشنگٹن: امریکی انٹلی جنس ایجنسی سی آئی اے نے خشوگی قتل کیس کی رپورٹ جاری کر دی جس میں مرکزی ملزم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو قرار دیا گیا ہے۔امریکہ کی نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹوریٹ نے خشوگی قتل کیس کی رپورٹ کو ڈی کلاسیفائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن پوسٹ کے صحافی جمال خشوگی کو قتل کرنے کا حکم ولی عہد محمد سلمان نے دیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ولی عہد محمد سلمان سعودی عرب کے فیصلہ ساز حکمران کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ ولی عہد کے قریب ترین ساتھی جمال خشوگی کے قتل میں براہ راست ملوث ہیں۔ ولی عہد نے بیرون ملک رہنے والے اپنے ناقدین کو قتل کرنے کے لئے اس طرز کا وحشیانہ طریقہ اختیار کیا۔امریکی سی آئی اے کی رپورٹ کے مطابق 2017 سے ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب کی سیکیورٹی اور انٹلی جنس اداروں پر مکمل کنٹرول حاصل کیا اور ایسا ممکن نہیں کہ ولی عہد کے حکم کے بغیر سعودی عرب کے انٹلی جنس اہلکار اس طرح کا آپریشن کسی دوسرے ملک میں انجام دے سکیں۔
واضح رہے کہ جمال خشوگی کو اکتوبر 2018 میں ترکی میں سعودی سفارتخانے میں بے دردی سے قتل کیا گیا اور ان کی لاش کو کیمیکل میں ڈال کر ضائع کر دیا گیا تھا۔ سعودی عرب نے امریکی سی آئی اے کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمال خشوگی قتل سے ولی عہد محمد بن سلمان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ سعودی عرب کے مطابق انٹیلی جنس اسیسمنٹ کی رپورٹ نئی نہیں ہے۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس رپورٹ کو جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی حکومت انٹلی جنس رپورٹ میں حکومت پر عائد تمام منفی اور جھوٹے الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔