ضلع بیدر سے

اللہ کو خوش کرنا ہے تو روزانہ نمازوں کی پابندی کریں، حلقہ درس تصوف سے الحاج محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی کا خطاب

بیدر: 25/فروری(اے ایس ایم) اللہ کو خوش کرنا ہے تو روزانہ پانچوں وقتوں کی نمازوں کو پابندی سے ادا کریں۔ اللہ نے فجر اور عصر کی نماز کے بعد وقت قبولیت رکھا ہے، ان نمازوں کے دوران ذکر الٰہی میں مصروف رہیں۔ جب اللہ کے نیک بندے اللہ کا ذکر کرتے ہیں تو اللہ راضی ہوتا ہے۔ہمیشہ کلمہ طیبہ کا ذکر کرتے رہیں اور کلمہ طیبہ کو سمجھ کر پڑھیں۔ان خیالات کا اظہار ر ممتاز پیر طریقت ڈاکٹر الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل نے آستانہ قادریہ میں منعقدہ ماہانہ حلقہ درس تصوف کے بعدخطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پانچ وقت کی نماز ہر حالت میں ادا کریں۔ بیماروں کو بھی نماز پڑھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

جبکہ ہم صحتمند ہیں کیوں ہم نماز ادا نا کریں؟ ہمیشہ نیک کاموں میں حصہ لیں، نیک لوگوں کی صحبت اختیار کریں اور فضول کاموں سے اپنے آپکو دور رکھیں۔اللہ کا ذکر کثرت سے کرتے رہیں اس سے تمام بلایات و آفات سے اللہ محفوظ رکھتا ہے۔کاروبار میں برکت عطا فرماتا ہے۔نمازوں کے ساتھ ساتھ آپؐ پر کثرت سے درود شریف کا نذرانہ پیش کرتے رہیں۔ نمازوں کے ساتھ ساتھ اپنے ماں باپ کی خدمت، بزرگوں، پیر و مرشد، علمائے دین کا ادب و احترام کریں روزانہ کم از کم قرآن مجید کا ایک پارہ پڑھنے کی اپنی عادت بنا لیں۔ہمیشہ با وضو رہیں بہ وضو سونے والے بندے کی حفاظت کے لئے اللہ سبحانِ تعالیٰ فرشتے مقرر فرماتا ہے۔

ڈاکٹر الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی نے مریدین و معتقدین کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ دل سے کینہ،بغض، عناد، حسد،چغلی اور غیر شرعی کاموں سے نکال پھینکیں۔ انہوں نے تمام مریدین کو ہدایت کرتے ہوئے کہا نمازوں کے ساتھ ساتھ اپنے ماں باپ کی خدمت، بزرگوں، پیر و مرشد، علمائے دین کا ادب و احترام کریں۔ الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی نے درس تصوف دینے کے بعدخصوصی دعاء فرمائی۔شہ نشین پر محمد لئیق احمد قادری بگدلی اور دیگر موجود تھے۔ شجرہ عالیہ قادریہ کا ورد، تلاوت سورہ ےٰس، سورہ فاتحہ محفل قُل کا اہتمام کیا گیا۔حافظ محمد شاہ نواز نلدرگ، محمد فہیم، مولا نا محمد زاہد حسین رضوی نے حمد نعت،و منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔لنگر خانہ قادریہ میں فاتحہ و تبرک طعام کا اہتمام کیا گیا۔سلام فاتحہ و دعائے سلامتی کے بعد یہ روحانی تقریب تکمیل پذیر ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!