مرکزی حکومت کے اچھے دن: پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوا ایک بار پھر اضافہ
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے 23 فروری 2021 کو ایک بار پھر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، آج پٹرول کی قیمتوں میں 35 سے 38 اور ڈیزل کی قیمتوں میں 34 سے 35 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے
نئی دہلی: ملک کے کئی شہروں میں پٹرول کے دام 100 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر چکے ہیں لیکن داموں میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔ گزشتہ دو دنوں کے دوران تیل قیمتوں میں استحکام ضرور تھا لیکن منگل یعنی 23 فروری 2021 کو مرتبہ پھر پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں اضافہ کر دیا گیا۔
قومی راجدھانی دہلی میں آج پٹرول 25 پیسے اضافے کے ساتھ 90.83 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 35 پیسے بڑھ کر 81.32 روپے فی لیٹر ہو گیا۔ خیال رہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اس وقت ہر شہر میں اعلی ترین سطح پر چل رہی ہیں۔
نیا سال پٹرولیم ایندھن کے لئے اچھا نہیں رہا۔ جنوری اور فروری میں اب تک مجموعی طور پر 25 دن ہی پٹرول مہنگا ہوا، لیکن ان دنوں میں ہی یہ 7.02 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔ پٹرول کے ساتھ ساتھ ڈیزل کی قیمت بھی ریکارڈ بنانے کی راہ پر گامزن ہے۔ نئے سال میں 25 دنوں کے دوران ڈیزل 7.45 روپے فی لیٹر مہنگا ہوچکا ہے۔
ملک کی مختلف ریاستوں میں حزب اختلاف کی جماعتیں تیل کی قیمتوں کے خلاف مظاہرہ کر رہی ہیں۔ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ میں پیر کے روز پٹرول ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف ایک مفاد عامہ کی عرضی تک داخل کر دی گئی ہے۔ عرضی گزار کا دعوی ہے کہ صارفین کو پٹرول اور ڈیزل میں ملایے جا رہے اتھنال پر بھاری ٹیکس ادا کرنا پڑ رہا ہے۔
ملک کے چار بڑے شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کچھ اس طرح ہیں:
دہلی میں پٹرول 90.93 ، ڈیزل81.32، ممبئی میں پٹرول 97.34 ، ڈیزل88.44، چنئی میں پٹرول92.90 ، ڈیزل86.31 اور کولکتہ میں پٹرول91.12 ، ڈیزل84.20 ہوا ہے۔