اگر اقتدار واپسی کا نعرہ دے دیا تو انہیں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی: کسان لیڈر راکیش ٹکیت
ٹکیت نے کہا کہ یہ غریب کو تباہ کرنے کا قانون ہے، اس لئے کسانو کامطالبہ ہے کہ ایم ایس پی پرقانون بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ہی ملک کے کسان کو فصل کی صحیح قیمت مل سکتی ہے۔
سنیوکت کسان مورچہ کے ممبر اور کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے پیر کوسونی پت کے کھرکھودا میں منعقدہ کسان مہاپنچایت میں کہا کہ اب کسان تحریک بھی چلائے گا اور ساتھ ہی ساتھ کھیتی بھی کرے گا۔
زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کررہے مظاہرین کسانوں کی جانب سے آج کھرکھودا کی اناج منڈی میں کسان مہاپنچایت کا انعقاد کیا گیا۔ مہاپنچایت میں جمع بھاری بھیڑ سے کسان لیڈر خوش نظرآئے۔ مہاپنچایت کی صدارت یواکسان سنگٹھن کے چیئرمین اور سابق ضلع کونسلر چاند پہلوان نے کی۔ ہریانوی گلوکار اجئے ہڈا نے بھی اس دوران پرفارم کیا اورتحریک کی حمایت کی۔ ہون یگ کے ساتھ اس مہاپنچایت کاآغاز کیا گیا۔
مہاپنچایت سے خطاب کرتے ہوئے کسان رہنما راکیش ٹکیت نے کہا کہ اب کسان اپنی تحریک بھی جاری رکھیں گے اور ساتھ ہی ساتھ کھیتی بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک میں ہل کرانتی ہوگی۔ آگے کی لڑائی کیسے لڑنی ہے، اس کی حکمت عملی کا بھی جلد اعلان ہوگا۔
راکیش ٹکیت نے کہا کہ حکومت بھیڑ جمع کرکے اپنی طاقت دکھانے کی بات کہتی ہے، لیکن حکومت کو معلوم ہونا چاہیے کہ بھیڑ جمع ہونے سے حکومت ٹکتی نہیں تبدیل ہوتی ہے۔ ابھی تو ہم نے قانون واپسی کانعرہ دیا ہے، اگر اقتدارواپسی کا نعرہ دے دیا تو انہیں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ ڈیزل، پٹرول اور مہنگائی پر بولنے کے ساتھ ہی ٹیکت نے کہا کہ یہ غریب کو تباہ کرنے کا قانون ہے، اس لئے ہمارامطالبہ ہے کہ ایم ایس پی پرقانون بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ہی ملک کے کسان کو فصل کی صحیح قیمت مل سکتی ہے۔