بنگال: BJP لیڈر پامیلا گوسوامی ’نشیلی اشیا‘ کے ساتھ گرفتار، کار میں چھپا کر لے جانے کا الزام
پولیس نے تلاشی کے دوران مبینہ طور پر پامیل کے پرس اور کار میں سیٹ کے نیچے سے 100 گرام کوکین برآمد کی۔ اس کے فوری بعد پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔
کولکاتا: مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا میں جمعہ کی شام بی جے پی کے ایک نوجوان لیڈر کو 100 گرام کوکین (نشیلی اشیا) لے جانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ایک ڈرامائی پیشرفت میں بنگال بی جے ’پی یووا مورچہ‘ کی جنرل سکریٹری پامیلا گوسوامی کو اپنے پرس اور کار میں سیٹ کے نیچے کئی لاکھ کی قیمت والی کوکین رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ کار میں موجود گوسوامی کے ساتھ یوا مورچہ میں اس کا دوست اور معاون پربیر ڈے کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی شام نیو علی پور علاقے میں اس وقت پیش آیا جب گوسوامی اور ان کا ساتھی این آر ایوینیو کے ایک کیفے کی طرف جارہے تھے، اچانک پولیس نے انہیں اپنی گرفت میں لے لیا۔ پولیس نے فوری طور پر ان کا راستہ روک لیا اور تلاشی شروع کر دی۔ پولیس نے تلاشی کے دوران مبینہ طور پر اس کے پرس اور کار میں سیٹ کے نیچے سے 100 گرام کوکین برآمد کی۔ اس کے فوری بعد پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔ جیسے ہی پولیس نے اسے گرفتار کیا وہ چیخنے لگیں کہ پولیس انہیں پھنسا رہی ہے۔
پولیس نے کار میں موجود پامیلا گوسوامی کے باڈی گارڈ کو بھی گرفتار کیا ہے۔ بی جے پی کے رہنما سمیک بھٹاچاریہ نے کہا کہ “قانون اپنا کام کرے گا لیکن اس کی جانچ ہونی چاہیے کہ کہیں کسی نے کوکین ان کی کار میں تو نہیں ڈالی تھی؟ ریاست میں ابھی مثالی ضابطہ اخلاق نافذ نہیں ہوا ہے اور پولیس ریاست کے ماتحت ہے۔ لہذا کچھ بھی ہوسکتا ہے۔”
دوسری طرف، ترنمول کانگریس کی رہنما چندریما بھٹاچاریہ نے کہا، “مجھے شرم آتی ہے کہ بنگال میں بھی ایسا کچھ ہوسکتا ہے۔ یہ بنگال میں بی جے پی کی ابھرتی اصل تصویر ہے۔ اس سے قبل بھی بی جے پی کے کچھ رہنماؤں کا بچوں کی اسمگلنگ میں نام لیا گیا تھا۔‘‘
پولیس ذرائع کے مطابق، گوسوامی اور پربیر بار بار ایک خاص کیفے میں جانے، کھڑی گاڑی میں بیٹھے رہنے اور موٹرسائیکل سے کار تک جانے والے نوجوان کے ساتھ لین دین کرنے کے بعد پولیس کے ریڈار پر آئے تھے۔ منشیات کے سودے کے شبہ میں پولیس نے جمعہ کے روز بی جے پی لیڈر کے آنے کا انتظار کررہی تھی اور پھر ان کو رنگے ہاتھ دھر دبوچا۔