گلبرگہ: سید اعجازعلی شاہ قادری کا انتقال
گلبرگہ: 18/فروری (ایچ ایس) ممتاز محب اردوجناب خواجہ پاشاہ انعامدار کی اطلاع کے بموجب عظیم المرتبت پیر طریقت سید شمس الدین شاہ قادری اعجازی المعروف بہ نانا حضرت ؒ(چٹگوپہ شریف) کے مرید خاص و خلیفہ سید اعجاز علی شاہ قادری اعجازی موظف محکمہ عدلیہ کا بعمر 69سال 17فروری کو مختصر سی علالت کے باعث صبح کی اولین ساعتوں میں انتقال ہوگیا۔ آج 18/فروری بروز جمعرات ان کی رہائش گاہ ملت نگر گلبرگہ میں بعد نماز فجر، نماز جنازہ ادا کی گئی اور دس بجے دن بمقام یادگیر،ڈپٹی کمشنر آفس کے عقب میں ان کی تدفین عمل میں لائی گئی۔
مرحوم صوفی منش اور قلندرانہ صفات کے مالک ہونے کے علاوہ خوش اخلاق،ملنسار، معاملہ فہم،صوم و صلواۃ کے پابنداور بزرگان دین کے بڑے قدر دان تھے۔ زیادہ تر وقت نماز، تلاوت قرآن، ذکر و اذکار اور شب بیداری میں گزارتے تھے۔ محکمہ عدلیہ میں اپنی شفاف فرض شناسی اور بے داغ کار کردگی کے باوصف احترام کی نظر سے دیکھے جاتے تھے۔ گلبرگہ کے علاوہ شاہ پور، شوراپور، بنگلور اور کوپل میں ان کے عقیدت مندوں اور مریدین کی کثیر تعداد پائی جاتی ہے۔
پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار لڑکے محمد اصغر، محمد قمر الدین،محمد نصیر الدین،محمد ظہیر احمداور ایک دختر شامل ہیں۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحوم کی نیکیوں کو رسول اکرم ﷺ کے صدقہ سے شرف قبولیت بخشے، انھیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو غم برداشت کرنے کی طاقت عطا فرمائے۔ آمین