ممبرا میں جماعت اسلامی نے کیا ’’شارٹ ویڈیو میکنگ کمپِٹیشن‘‘ کا انعقاد
ممبرا: 15/فروری (پی ار) میڈیا سیل جماعت اسلامی ہند، ممبرا کے بموجب جماعت اسلامی ہند، ممبرا کی جانب سے برائیوں اور غلط رسوم و رواج کو روکنے کے مقصد سےکر ملٹی میڈیا کے ذریعے ویڈیو بنا کر معاشرے میں بیداری لانے کےلئے ایک ’’شارٹ ویڈیو میکنگ کمپِٹیشن‘‘ رکھا گیا تھا۔ جو جماعت کی ریاست گیر مہم ’’اندھیروں سے اجالے کی طرف‘‘ کے تحت انجام دیا گیا۔ اس مقابلے حصہ لینے والے ویڈیو میکرز سے چاہا گیاکہ رشوت خوری، بے ایمانی، ظلم ، نا انصافی، عدم مساوات، خود کشی، فحاشی، زنا ، اسقاط حمل وغیرہ جیسے عنوانات پر ویڈیو بنائیں۔
جماعت اسلامی ہند، ممبرا کی جانب سے اعلان شدہ ’’شارٹ ویڈیو میکنگ کمپِٹیشن‘‘ میں تقریباً 45 افراد اور گروپس نے اپنا رجسٹریشن کیا اور 20 ویڈیوز بنا کر پیش کئے گئے۔ اسی سلسلے میں سنیچر، 13 فروری 2021 کو ممبرا کے ڈائمنڈ ہال میں ’’جلسۂ تقسیم انعامات ‘‘ کا انعقاد کیا گیا،تاکہ مقصدیت سے بھر پور اوراعلیٰ درجے کی ویڈیوز بنانےمیں اپنے ٹیلینٹ کا مظاہرہ کرنے والے افراد یا گروپس کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔
پہلا انعام بھیونڈی کے گروپ کو دیا گیا، جنہوں کے عورتوں پر ظلم و استحصال کے خلاف ایک عمدہ ویڈیو بنائی۔ دوسرا انعام ممبرا کے اسد اللہ کالج کے طلبا گروپ کو دیا گیا جنہوں نے رشوت خوری کے موضوع پر ایک اچھاپیغام دینے والا ویڈیو بنایا۔ تیسرا انعام ممبرا کے ہی ایک نوجوانوں کے گروپ نے حاصل کیا۔ انہوں نے ــ’’خودکشی ‘‘کی وجوہات میں مادہ پرستی کو اپنے ویڈیو کے ذریعے پیش کیا۔اس جلسہ تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی جناب اظہار احمد فریدی (فلم ڈائریکٹر اور رائٹر) اور دیگر مہمانان میں جناب حامد عبدالباقی (پروڈیوسر میررناؤانگلش نیوز چینل) اور عبدالعزیز (سینیئر پرومو ڈیزائنر۔زی میڈیا) نے مقابلے کے شرکاء کے ٹیلینٹ کو سراہا اور انہیں مبارکباد دی۔
اس کے علاوہ اس صلاحیت کا صحیح جگہ استعما ل کرنے کی صلاح بھی جناب اظہار احمد فریدی نے اپنے خطاب میں دی۔اس جلسہ میں اسلامی طلبا تنظیم ایس آئی او آف انڈیا کے کل ہند صدر محمد سلمان احمد کے ذریعے ممبرا کی اردو میڈیم طالبہ زرین یوسف خان کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی جنہوں نے آل انڈیا انٹر میڈی ایٹC.A امتحان میں پورے ملک میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔زرین سے کہا گیا ہے کہ وہ اسلامک فائنانس یا اسلامک اکنامکس میں مزید تعلیم حاصل کرے۔
اگر وہ چاہے تو جماعت اسلامی ہند اور ایس آئی او اس کا بھر پور تعاون کرے گی۔ جماعت اسلامی ہند، برائیوں کے سدِ باب اور اچھائیوں کو پروان چڑھانے اور لوگوں کو اندھیروں سے اجالے کی طرف لانے کے لئے معاشرے کے مختلف میدانوں میں کام کرتی رہتی ہے۔ شارٹ ویڈیو میکنگ کمپِٹیشن بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ جماعت آئندہ بھی اسی طرح مختلف النوع پروگرامات کرتی رہے گی۔