خبریںدیگر ریاستیںریاستوں سےقومی

’کیرالہ میں ’سی اے اے‘ نافذ نہیں کریں گے‘ امت شاہ کے اعلان پر چیف منسٹر وجین کا بیان

امت شاہ نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ کورونا ویکسینیشن ختم ہونے کے بعد سی اے اے کا عمل شروع کر دیا جائے گا، اس کے جواب میں کیرالہ کے وزیر اعلیٰ نے ایک بار پھر اس قانون پر اپنے موقف کا اعادہ کیا ہے

ترواننت پورم: کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجین نے ہفتہ کے روز شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے بارے میں اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کیرالا میں اس قانون پر عمل درآمد نہیں کیا جائے گا۔ دراصل، حال ہی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سی اے اے کے حوالے سے ایک نیا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جاری ٹیکہ کاری مہم ختم ہونے کے ساتھ ہی قانون پر عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔

پنارائی ہفتہ کے روز ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے لئے جاری انتخابی مہم کے پروگرام میں شرکت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’’وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ وہ کووڈ ویکسینیشن مہم کے خاتمے کے بعد سی اے اے پر عمل درآمد شروع کردیں گے۔ ہم اپنا مؤقف پہلے ہی واضح کر چکے ہیں۔ یہ حکومت کیرالہ میں اس آفت کو نہیں آنے دے گی۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں بایا گیا ہے کہ بحیثیت ریاستی حکومت ہم کیسے کہہ سکتے ہیں کہ ہم اس پر عمل نہیں کریں گے؟ ہم احتجاج کر رہے ہیں۔ ہم یہاں سی اے اے کو نافذ نہیں کریں گے۔‘‘

خیال رہے کہ امت شاہ نے حال ہی میں مغربی بنگال میں ایک ریلی میں مٹوا برادری کے ہندو تارکین وطن کو یقین دلایا تھا کہ ویکسینیشن مہم کے بعد سی اے اے نافذ کرنا شروع کر دیا جائے گا۔ پارلیمنٹ میں اس قانون کے منظور ہونے کے بعد اس کے خلاف ملک بھر میں ہو رہے مظاہروں کے درمیان کیرالہ کی کمیونسٹ حکومت نے کہا تھا کہ وہ اس قانون کو اپنی ریاست میں نافذ نہیں کرے گی۔ پنارائی وجین کی حکومت وہ پہلی ریاستی حکومت بنی تھی جس نے اس قانون کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!