ضلع بیدر سے

درگاہ آستانہ قادریہ بگدل میں حلقہ درس تصوف، الحاج ادریس احمد قادری صاحب کا خطاب

ذکر کی محافل قرب الٰہی کا ذریعہ ہے، ذکر سے دل اور چہرہ منور ہوتا ہے

بیدر: 13/فروری(اے ایس ایم) ذکر الٰہی کی کثرت سے قلب میں موجود تاریکی ختم ہوتی ہے اور دل صاف آئینہ کی طرح روشن ہوتا ہے۔ذکر کی مجلس میں بیٹھنے سے گناہ بخش دیئے جاتے ہیں،نفس پاک ہوتا ہے،شیطانی حملوں کا دفاع ذکر سے ہوتا ہے، ذکر غم کو دور کرتا ہے۔اور ذکر سے دل اور چہرہ منور ہوتا ہے۔ان خیالات کا اظہار ممتاز پیر طریقت ڈاکٹر الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل نے آستانہ قادریہ میں منعقدہ ماہانہ حلقہ درس تصوف کے بعد بعنوان ”ذکر الٰہی “خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مشہور بزرگ حضرت فضیل ؒ فرماتے ہیں جن گھر وں میں اللہ کا ذکر ہوتا ہے و آسمان والوں کے پاس چمکتے چراغ ہیں۔اولیا ء اللہ ہمیشہ یاد الٰہی میں مشغول رہتے۔ذکر دل کے زنگ کو دور کرتا ہے ذکر کی وجہ سے ہر مشکل آساں ہوتی ہے۔ذکر کی محافل قرب الٰہی کا ذریعہ ہے۔

ڈاکٹر الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب نے مزید کہا کہ اللہ نے فجر اور عصر کی نماز کے بعد وقت قبولیت رکھا ہے، ان نمازوں کے دوران ذکر الٰہی میں مصروف رہیں۔ جب اللہ کے نیک بندے اللہ کا ذکر کرتے ہیں تو اللہ راضی ہوتا ہے۔انہوں نے مریدین و معتقدین کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کو خوش کرنا ہے تو روزانہ پانچوں وقتوں کی نمازوں کو پابندی سے ادا کریں۔روزانہ کم از کم قرآن مجید کا ایک پارہ پڑھنے کی سعادت حاصل کریں۔ حضورؐ فرماتے ہیں کے میں اللہ کے نور سے ہوں اور میرے نور سے تمام کائنات روشن و منور ہے۔ابوالبشر حضرت سیدنا آدم ؑ نے آپؐ کے نام مبارک کے وسیلہ سے دعاء مانگی تو اللہ نے قبول فرمائی۔ عبادت کے ذریعہ جنت میں تو جائینگے لیکن جنت میں جانے کے لئے آداب بھی سیکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے تمام مریدین کو ہدایت کرتے ہوئے کہا نمازوں کے ساتھ ساتھ اپنے ماں باپ کی خدمت، بزرگوں، پیر و مرشد، علمائے دین کا ادب و احترام کریں۔

الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی نے درس تصوف دینے کے بعدخصوصی دعاء فرمائی۔شہ نشین پر محمد لئیق احمد قادری بگدلی اور دیگر موجود تھے۔ حیدرآباد کے معروف نعت خواں جناب احمد با وزیر نے دف پر نعت رسول ؐ پیش کرتے ہوئے سماع باندھ دیا۔حافظ محمد شاہ نواز نلدرگ، محمد فہیم، مولا نا محمد زاہد حسین رضوی، محمد حشمت رضاء قادری،اور محمد سلیم الدین قادری نے حمد نعت و منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔لنگر خانہ قادریہ میں فاتحہ و تبرک طعام کا اہتمام کیا گیا۔سلام فاتحہ و دعائے سلامتی کے بعد یہ روحانی تقریب تکمیل پذیر ہوئی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!