ملک کا ایک اور بینک بحران کا شکار، پیسہ نکالنے پر RBI نے لگائی 6 ماہ کی پابندی
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے مہاراشٹر کے ناسک میں واقع انڈیپنڈینس کوآپریٹیو بینک لمیٹڈ سے پیسہ نکالنے پر پابندی عائد کر دی ہے
ممبئی: ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے مہاراشٹر کے ناسک میں واقع انڈیپنڈینس کوآپریٹیو بینک لمیٹڈ سے پیسہ نکالنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ تاہم، آر بی آئی نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ بینک کے 99.98 فیصد پیسہ جمع کرنے والے مکمل طور پر ڈیپازٹ انشورنس اینڈ کریڈٹ گارنٹی کارپوریشن (ڈی آئی سی جی سی) بیمہ اسکیم کے دائرے میں ہیں۔
بیمہ اسکیم کے تحت بینک کا ہر ایک رقم جمع کرنے والا اپنی 5 لاکھ روپے تک کی رقم پر بیمہ دعویٰ رقم ڈی آئی سی سی سے حاصل کرنے کا حقدار ہے۔ پیسہ نکالنے پر عائد کی گئی پابندی چھ مہینے تک جاری رہے گی۔
مرکزی بینک نے کہا، ’’بینک کی موجودہ رقم کے پیش نظر جمع کرنے والوں کو بچت یا چالو کھاتہ یا کسی بھی دیگر کھاتہ میں جمع رقم میں سے کوئی بھی رقم نکلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ گاہک جمع رقم کے عوض قرض کی ادائیگی کر سکتے ہیں، جو کچھ شرائط پر منحصر ہے۔‘‘
آر بی آئی نے بدھ کے روز کچھ دیگر پابندیاں بھی عائد کی ہیں۔ اس کے تحت بینک کے چیف ایگزیکیوٹیو آفیسر آر بی آئی کی اجازت کے بغیر کوئی قرض فراہم نہیں کریں گے اور نہ ہی قرض کی تجدید کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ کوئی سرمایہ کاری بھی نہیں کر سکیں گے اور نہ ہی کوئی ادائیگی کر سکیں گے۔
آر بی آئی کے مطابق بینک پابندیوں کے ساتھ اپنا بینکنگ کاروبار پہلے کی طرح ہی کرتا رہے گا۔ یہ پابندی مالی صورت حال میں بہتری لانے کی غرض سے عائد کی گئی ہیں۔ مرکزی بینک نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ صورت حال کے حساب سے ہدایات میں ترمیم بھی کر سکتا ہے۔