کورونا کا پتہ لگانے ہندوستانی فوج کے کتوں کا ہوگا استعمال!
ہندوستانی فوج کے کتے پسینے اور پیشاب کے نمونوں کو سونگھ کر یہ بتا دیں گے کہ کون شخص کورونا وائرس سے متاثر ہے۔
دنیا بھر میں قہر بن کر برپا ہوئے کورونا وائرس کے بھلے ہی اب کم کیس سامنے آ رہے ہوں، لیکن یہ فی الحال پوری طرح سے ختم نہیں ہوا ہے۔ مستقبل قریب میں یہ ختم ہوتا ہوا معلوم بھی نہیں پڑ رہا ہے کیونکہ کئی بار سائنسداں اس وائرس کی دوسری لہر کو لے کر الگ الگ دعوے بھی کر چکے ہیں۔ ان سب کے درمیان ہندوسان میں ایک حیران کرنے والی خبر سامنے آئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اب فوج نے اپنے ’ڈاگ اسکواڈ‘ کو بھی کورونا کی شناخت کرنے کے لیے تیار کیا ہے۔
خبر رساں ادارہ اے این آئی کے مطابق ہندوستانی فوج کے کتے پسینے اور پیشاب کے نمونوں کو سونگھ کر یہ بتا دیں گے کہ کون کورونا وائرس سے متاثر ہے۔ ٹرینر کرنل سرینر سینی نے بتایا کہ ہندوستانی فوج کے کتوں نے پسینے اور پیشاب کے نمونوں کا استعمال کر کے کووڈ-19 کا پتہ لگانے کے لیے ٹرینڈ کیا ہے۔ ابھی دیسی نسل کے چپی پرئی ڈاگس، جن کا نام جیا اور منی اور ایک غیر ملکی نسل کے کوکر اسپینیل ڈاگ، جس کا نام کیسپر کو ٹریننگ دی ہے۔ ان کتوں کے ذریعہ ٹرائل میں اچھا کام کیا گیا۔ بتایا گیا کہ اب تک ٹرینڈ کیے گئے نمونوں کے اعداد و شمار کی بنیاد پر 95 فیصد سے زیادہ کامیابی ملی ہے۔
اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کرنل نے بتایا کہ ان کتوں کو جو سیمپل سنگھایا جاتا ہے اسے سب سے پہلے الٹرا وائلٹ لائٹ سے گزارا جاتا ہے تاکہ اس کی سطح پر موجود وائرس ختم ہو جائے اور مردہ ٹشو کے ذریعہ یہ کتے کورونا کو ڈٹیکٹ کرتے ہیں۔ اس سے کتوں کو بھی خطرہ نہیں ہے۔ بتایا گیا کہ سب سے پہلے ڈاگ ٹرینر نے کچھ سیمپل کو جس میں نگیٹو اور پازیٹو سیمپل تھے، کو الگ الگ ڈبوں میں رکھا اور پھر کچھ سیکنڈ میں ڈاگ نے اسے سونگھ کر بتا دیا کہ کس ڈبے میں پازیٹو سیمپل ہیں۔