ہندوستان میں جاری کسان تحریک پر اقوام متحدہ کا پہلا رد عمل آیا سامنے
اقوام متحدہ نے مظاہرین اور انتظامیہ سے انتہائی صبر سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ پرامن طریقے سے جمع ہونے اور اظہارِ رائے کے حقوق کی آف لائن اور آن لائن دونوں جگہ حفاظت ہونی چاہیے۔
اقوام متحدہ حقوق انسانی (یو این ہیومن رائٹس) نے ہندوستان میں چل رہی کسان تحریک پر پہلی بار اپنا بیان دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے حقوق انسانی ادارہ نے کسان تحریک کو لے کر انتظامیہ اور مظاہرین دونوں سے ایک خاص اپیل کی ہے۔ ادارہ نے مظاہرین اور انتظامیہ سے انتہائی صبر سے کام لینے کی گزارش کی ہے۔ اقوام متحدہ حقوق انسانی کا کہنا ہے کہ پرامن طریقے سے جمع ہونے اور اظہارِ رائے کے حقوق کی آف لائن اور آن لائن دونوں جگہ حفاظت ہونی چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ ایسا پہلی بار ہے جب اقوام متحدہ نے ہندوستان میں گزشتہ دو مہینے سے زیادہ مدت سے دہلی کی سرحدوں پر جاری کسان مظاہرہ کے تعلق سے اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ کسان تحریک کے تعلق سے کئی بین الاقوامی ہستیوں نے بھی گزشتہ کچھ دنوں سے اپنی اپنی رائے سوشل میڈیا کے ذریعہ دینا شروع کی ہے جن میں سے کئی تنازعات کے شکار بھی ہو گئے ہیں۔
دوسری طرف شیوسینا لیڈر پرینکا چترویدی نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں کہا ہے کہ ایم ای اے کے ذریعہ تردید کا انتظار۔ حکومت ہند نے ہمارے ملک کو عدم برداشت والا اور غیر جمہوری بنا دیا ہے۔ پرینکا چترویدی نے اقوام متحدہ حقوق انسانی کا ٹوئٹ شیئر کرتے ہوئے یہ بیان دیا ہے۔