ضلع بیدر سے

بیدر میں حضرت دادا پیر ؒ کا588 واں سالانہ عرس شریف منایا گیا

بیدر:22/جنوری (اے ایس ایم) حضرت شاہ فتح اللہ جد شریف القادری الملتانی المعروف حضرت دادا پیر قدس اللہ سرہ العزیز ؒ جد امجد حضرت شاہ محمد شمس الدین شریف القادری المعروف ملتانی بادشاہ قدس اللہ سرہٗ العزیز ؒ بمقام اودگیر روڈ بیدر شریف کا سالانہ 588واں سہ روزہ عرس شریف نہایت ہی ادب و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ تفصیلات کے بموجب 20جنوری مطابق 6جمادی الثانی بروزچہارشنبہ بعد نماز عصر تا مغرب زم زم، عمدہ عطریات اور عرق گلاب سے مزار مبارک کوغسل شریف کی رسومات انجام دی گئیں۔

21جنوری مطابق 7جمادی الثانی بروزجمعرات بعد ادائیگی نماز مغرب شیخ المشائخ ابو الفتح شاہ سجاد محی الدین قادری الملتانی و چشتی ابن شیخ المشائخ ابو الفتح شاہ محی الدین قادری الملتانی المعروف شاہ صفدر قادر ی قدس اللہ سرہ العزیز صدر سجادہ نشین و متولی سلسلہ عالیہ قادریہ ملتانیہ جملہ رسومات صندل مالی کی خصوصی خدمات بصد عقیدت و احترام جملہ حاضر علمائے مشائخین، مریدین،خلفائے کرام و عقیدتمندان کی موجود گی میں انجام دئیے۔

سلام و نیاز، فاتحہ تقسیم تبرکات بدست سجادہ نشین عمل میں آئے۔سید شاہ اسداللہ محمد محمد الحسینی ثاقب حسینی سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ ابوالفیض ؒ، ملک المشائخ سید نوراللہ حسینی نعمت الہٰی کرمانی سجادہ نشین،شاہ شمس السلام کنج نشین سجادہ نشین، سید شاہ رحمت محمد محمد الحسینی بندہ نوازی المعروف رحمت بابا بندہ نوازی،سید شاہ ولی پاشاہ حسینی رزاقی جیلانی قادری ہاشم پاشاہ سجادہ نشین درگاہ حضرت سید ہاشم پیر دستگیر ؒ پہاڑی شریف چندرائن گٹہ، شاہ خواجہ ضیاء الحسن جاگیردار سجادہ نشین و متولی درگاہ حضرت تاج الدین شیر سوار ؒ،سید شاہ معز پاشاہ حسینی قادری ہاشمی،سید شاہ عین الدین حسینی، سید شاہ عزیز اللہ علوی نوید سجادہ نشین بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔

بعد نماز عشاء قیام گاہ سجادہ نشین پر طعام برائے خاص وعام کا اہتمام کیا گیا۔22جنوری مطابق 8جمادی الثانی جشن چراغاں، بعد نماز فجر مسجد حضرت ممدوحؒ میں ختم کلام پاک، فاتحہ خوانی پیشکشی چادر گل اورسجادہ نشین صاحب کی خصوصی دعا کے بعد عرس شریف تکمیل پذیر ہوا۔برادران، و فرزندان سجادہ نشین اور منتظم عرس کمیٹی جناب محمد یونس قریشی و دیگر اراکین نے مہمانان، مریدین،خلفائے کرام و عقیدتمندان نے استقبال اور انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!