سپریم کورٹ نے تینوں زرعی قوانین کو آئندہ حکم تک کے لیے کیا معطل
سپریم کورٹ نے اگلے احکامات تک تینوں زرعی قوانین پر روک لگا دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے مذاکرات کے لئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔
تصویر کو صاف کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں: چیف جسٹس
چیف جسٹس نے کہا، ’’ہم کمیٹی اس لئے تشکیل دے رہے ہیں تاکہ تصویر صاف ہو سکے۔ ہم کسانوں کے ان دلائل کو سننا نہیں چاہتے کہ وہ کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔ ہم مسئلہ کا حل چاہتے ہیں۔ اگر آپ غیر معینہ طور پر احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو آپ ایسا کر سکتے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ کمیٹی اس معاملہ میں عدالتی عمل کا حصہ ہوگی۔ ہم قوانین کو کچھ وقت کے لئے معطل کرنے جارہے ہیں لیکن ہمیشہ کے لئے نہیں۔
کمیٹی صرف رپورٹ پیش کرے گی، آپ کو سزا نہیں دیگی: چیف جسٹس
سماعت کے دوران چیف جسٹس ایس اے بوبڑے نے کہا، ’’ہم قوانین کے صحیح ہونے کے حوالہ سے متفکر ہیں اور ساتھ ہی احتجاج کے دوران جانی اور مالی حفاظت کے تئیں بھی فکر مند ہیں۔ ہمارے پاس جو قوت ہے ہم اس کا استعمال کر کے اس معاملہ کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمارے اختیارات میں سے ایک یہ ہے کہ ہم قانون کو معطل کر دیں اور ایک کمیٹی تشکیل دے دیں۔‘‘
بہت سے لوگ بات چیت کے لئے آئے لیکن وزیر اعظم نہیں آئے: کسان
کسانوں کی طرف سے پیش وکیل ایم ایل شرما نے کہا، ’’کسانوں کا کہنا ہے کہ بہت سے لوگ بات چیت کے لئے آئے لیکن اہم شخصیت وزیر اعظم نہیں آئے۔‘‘ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم وزیر اعظم سے کسانوں کے پاس جانے کے لئے نہیں کہہ سکتے۔ وہ اس معاملہ میں پارٹی نہیں ہیں۔
قوانین کی معطلی کو سیاسی فتح کے طور پر نہ دیکھا جائے: ہریش سالوے
ایک عرضی گزار کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر ایڈوکیٹ ہریش سالوے نے کہا کہ قوانین کے نفاذ پر اسٹے کو سیاسی فتح کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہئے بلکہ اسے قوانین پر سنجیدہ غور و خوض کے طور پر دیکھا جانا چاہئے۔
کسان رام لیلا میدان پر احتجاج کے لئے دہلی پولیس کو درخواست دے سکتے ہیں: چیف جسٹس
چیف جسٹس نے کہا کہ کسان رام لیلا میدان یا کسی دوسرے مقام پر احتجاج کے لئے دہلی پولیس کمشنر کو اپنی درخواست پیش کر سکتے ہیں۔