تلنگانہ کے سی ایم کے سی آر کی اچانک صحت خراب، یشودھا اسپتال میں کیا گیا داخل
حیدرآباد: 7/جنوری- تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی صحت خراب ہوگئی۔ شہر حیدرآباد کے یشودھا اسپتال میں ان کے مختلف معائنے کروائے جا رہے ہیں۔ وزیراعلی کے دفتر کے مطابق انہوں نے سینہ میں جلن کی شکایت کی جس کے بعد ان کے شخصی ڈاکٹر ایم وی راو اور پلمونولوجسٹ ڈاکٹر نوین ساگر ریڈی کے ساتھ ساتھ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر پرمود نے ان کا معائنہ کیا۔
ان ڈاکٹرس نے مشورہ دیا کہ ان کے ایم آرآئی اور سی ٹی اسکین کروائی جائے۔ ان کے مشورہ پر وزیراعلی کے معائنے کروائے جارہے ہیں۔ وزیراعلی نے آج صبح راج بھون میں منعقدہ تلنگانہ ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیماکوہلی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی۔