میراروڈ: بلڈ ڈونرز فورم کے قیام کی کوشیش جاری، بڑھ چڑھ کرحصہ لینے نوجوانوں سے اپیل
میرا روڈ: 4/ جنوری (ایس ایم ایس) ممبئی سے ملحقہ مضافاتی علاقے میراروڈ میں جماعتِ اسلامی میراروڈ نے سدھ بھاؤنا منچ میراروڈ اور یوتھ ونگ کے اشتراک سے بلڈ ڈونرز فورم کے قیام کے سلسلے میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا۔ اس میٹنگ میں بلڈ ڈونیشن کیمپ میں اپنے خون کا عطیہ دے چکے نوجوانوں نے شرکت کی۔ میٹنگ کے آغاز میں رکن جماعت ساجد محمود شیخ نے بلڈ ڈونرز فورم کی تشکیل کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ بلڈ ڈونرز فورم اس لئے قائم کیا جارہا ہے تاکہ ایسے رضاکار تیار کئے جائیں جو کسی ناگہانی صورتحال میں کہیں پر بھی خون کی ضرورت پڑنے پر اپنے خون کا عطیہ دے سکیں۔
میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جماعتِ اسلامی میراروڈ کے سیکریٹری برکت علی صاحب نے کہا کہ کسی انسان کی جان بچانا انسانیت کی سب سے بڑی خدمت ہے ۔ انہوں نے حکومتی ذرائع سے حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر کہا کہ آج پورے مہاراشٹر میں خون کی کمی ہے۔ سارے بلڈ بینک خالی پڑے ہیں۔ حکومت بار بار عوام سے خون کا عطیہ کرنے کی درخواست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسی صورتحال میں بلڈ ڈونرز فورم کی سخت ضرورت محسوس ہورہی ہے۔
قرآن مجید و احادیث مبارکہ سے حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ بہت بڑا ثواب کا کام ہے ،ہمیں نہیں معلوم کہ ہمارا خون کس شخص کو دیا جارہا ہے مگر صرف رضائے الٰہی کی خاطر ہمیں یہ کام کرنا ہے ۔ اس پروگرام میں کثیر تعداد میں نوجوان موجود تھے ۔ میٹینگ میں موجود سبھی لوگوں نے بلڈ ڈونرز فورم کی ممبرشپ کا فارم پُر کیا۔ اس موقع پر ایک وہاٹس آپ گروپ کے ذریعہ باہمی تعلق قائم کرنے پر زور دیا گیا۔ اس وہاٹس آپ گروپ میں فی الوقت پچاس لوگ جڑے ہیں۔ مستقبل میں اور زیادہ تعداد میں بلڈ ڈونرز فورم سے لوگوں کو متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ یوتھ ونگ کے مقامی صدر نے تمام شرکائے میٹنگ کا شکریہ ادا کیا۔