میراروڈ: جماعتِ اسلامی اورPSF نے ضرورت مند طلبہ میں 1لاکھ 8ہزار روپیے کے چیکس تقسیم کیے
ممبئی: 3/جنوری (ایس ایم ایس) ۔ساجد محمود شیخ میراروڈ کی اطلاع کے بموجب جماعتِ اسلامی کی میراروڈ شاخ نے پی ایس ایف (پروفیشنل سالیڈریٹی فورم) کے مالی تعاون سے سولہ یتیم بچوں سمیت اٹھارہ یتیم بچوں میں اسکول فیس کے چیک کی تقسیم کی۔ پی ایس ایف پروفیشنل مسلم نوجوانوں کی ایک غیر سرکاری تنظیم ہے جو فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔ اسکول فیس کے لئے چیک تقسیم کرنے کی یہ دوسری قسط تھی۔ پہلی قسط پہلے ششماہی میں تقسیم کی گئی تھی۔ چھ ہزار روپئے کے اٹھارہ چیک تقسیم کئے گئے۔
اس موقع پر پی ایس ایف کے نمائندے جناب مدثر صاحب نے طلبہ کے سرپرستوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایف کی یہ کوشش اس لئے ہے کہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہ جائے اس لئے یتیم اور دوسرے ضرورت مند طلبہ میں اسکول فیس کے لئے یہ چیک تقسیم کئے جا رہے ہیں ۔ انھوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سرپرست اپنے بچوں کا تعلیمی معیار بلند کرنے کی کوشش کریں ۔
اس موقع پر جماعت اسلامی پالگھر ضلع کے ناظمِ ضلع جناب باقر علی صاحب نے سرپرستوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ہمیں بچوں کی صحیح تربیت پر بھی دھیان دینا چاہئے ۔ واضح رہے کہ جماعتِ اسلامی میراروڈ سال بھر میں پینتیس یتیم بچوں کی اسکول فیس کے لئے کوشش کرتی ہے ۔اپنے مقامی بیت المال سے جو ہوسکے مدد کرنے کے ساتھ ساتھ دوسری غیر سرکاری تنظیموں،مثلاً پی ایس ایف ممبئی, ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن نئی دہلی اور مقامی اہلِ خیر حضرات کا تعاون حاصل کرتی ہے.