علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی 100 سالہ تقریب میں پی ایم مودی کی شرکت، جاری کیا اے ایم یو پر پوسٹل اسٹامپ
علی گڑھ: 50 سالوں میں پہلی بار ملک کے وزیر اعظم اے ایم یو کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک
پانچ عشروں میں یہ پہلا موقع تھا جب ملک کا کوئی وزیر اعظم اے ایم یو کی کسی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرک ہوئے۔ سال 1964 میں لال بہادر شاستری کے بعد سے یہاں کسی وزیر اعظم نے تقریب میں شرکت نہیں کی۔ ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے بھی یہاں کبھی تقریب میں شرکت نہیں کی تھی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اے ایم یو کی صد سالہ تقریب میں حصہ لیا اور اپنی تقریر کے دوران سر سید اور ان کے مشن علی گڑھ کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر علی گڑھ سے فارغ التحصیل شخصیات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ یہاں سے تعلیم یافتہ لوگ دنیا میں چھائے ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے ان کی حکومت کی طرف سے ملک کے عوام کے لئے بلا تفریق مذہب چلائی جا رہی اسکیموں کے حوالہ سے کہا کہ ان کی منصوبہ بندیوں کا فائدہ ملک کے ہر شہری کو پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوچھ بھارت مشن کا فائدہ مسلم بیٹیوں کو پہنچا اور ان اسکولی تعلیم ترک کرنے کی شرح میں کمی آئی۔ وزیر اعظم مودی نے تین طلاق کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس فیصلہ نے مسلم خواتین کو آزادی فراہم کی ہے۔
سماج، سیاست سے زیادہ عظیم: پی ایم مودی
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ سماج میں نظریاتی اختلاف ہوتے ہیں لیکن جب بات قومی مقصد کے حصول کی ہو تو تمام اختلافات کو درکنار کر دینا چاہیے۔ ملک میں کوئی کسی بھی طبقہ یا مذہب سے تعلق رکھتا ہو، اسے ملک کو آتم نربھر بنانے میں اپنا تعاون دینا چاہیے۔
پی ایم مودی نے کہا کہ اے ایم یو سے کئی جنگجو نکلے ہیں جنہوں نے اپنے نظریات سے علاحدہ ملک کے لئے جنگ لڑی۔ سیاست صرف سماج کا حصہ ہے لیکن سیاست اقتدار سے علاحدہ ملک کا سماج ہوتا ہے۔ ایسے حالات میں ملک کے سماج کو فروغ دینے کے لئے ہمیں کام کرتے رہنا چاہیے۔
وزیر اعظم نے کہا، جب ہم ایک مقصد کے حصول کے لئے گامزن ہوں گے تو کچھ عناصر ایسے بھی ہیں جنہیں دقت ہوگی، وہ عناصر ہر سماج میں ہیں لیکن ہمیں ان سب کو نظر انداز کرتے ہوئے ملک کے لئے کام کرنا چاہیے۔ گزشتہ صدی میں نظریاتی اختلاف کی وجہ سے کافی وقت برباد ہو گیا لیکن اب بلاتاخیر ’آتم نربھر بھارت‘ کے مقصد کو حاصل کرنا ہے۔
’حکومت کی اسکیموں کا فائدہ ہر شہری تک پہنچا‘
اے ایم یو کی صد سالہ تقریب سے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، ’’آج ملک جو اسکیمیں بنا رہا ہے وہ بلا تفریق مذہب ہر طبقہ تک پہنچ رہی ہیں۔ بلا تفریق 40 کروڑ غریبوں کے بینک کھاتے کھولے گئے۔ بلا تفریق 2 کروڑ سے زیادہ غریبوں کو پکے گھر دیئے گئے۔ بلا تفریق 8 کروڑ سے زائد خواتین کو گیس کنکشن فراہم کیے گئے۔
’سوچھ بھارت مشن‘ سے مسلم بیٹیوں کو مدد ملی، پی ایم مودی
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ کچھ وقت پہلے اے ایم یو کے ایک سابق طالب علم نے بتایا کہ مسلم بیٹیوں کا اسکول ڈراپ آؤٹ ریٹ (اسکولی تعلیم ترک کر دینے کی شرح) 70 فیصد سے زیادہ تھا، کئی عشروں تک یہی صورت حال برقرار رہی۔ لیکن سوچھ بھارت مشن کے بعد اب یہ گھٹ کر 30 فیصد تک ہو گیا ہے۔
پی ایم مودی نے کہا، ’’اے ایم یو میں بھی اب 35 فیصد تک مسلم بیٹیاں پڑھ رہی ہیں۔ اس کی فاؤنڈر چانسلر کی ذمہ داری بیگم سلطان نے سنبھالی تھی۔ اگر کوئی عورت تعلیم یافتہ ہوتی ہے تو پوری نسل تعلیم یافہ ہو جاتی ہے۔‘‘
’سب کا ساتھ سب کا وکاس ہمارا نعرہ‘ وزیر اعظم مودی
وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سر سید کا پیغام کہتا ہے کہ ہر کسی کی خدمت کریں چاہے اس کا مذہب یا طبقہ کچھ بھی ہو۔ ایسے میں ملک کی خوش حالی کے لئے اس کی ہر سطح پر ترقی ہونا ضروری ہے، آج ہر شہری کو بلا تفریق سب کو ترقی کے مواقع فراہم ہو رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شہری آئین سے حاصل شدہ حقوق کے حوالہ سے سب بے فکر رہیں، سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس ہی سب سے بڑا نعرہ ہے۔
اے ایم یو میں منی انڈیا بستا ہے: پی ایم مودی
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اے ایم یو کے چانسلر نے انہیں کچھ دن پہلے خط لکھ کر کورونا ویکسین کے مشن کے دوران ہر ممکن مدد دینے کا بھروسہ دیا ہے۔ اے ایم یو میں ایک منی انڈیا ہے اور یہاں اردو، ہندی، عربی اور سنسکرت سبھی کچھ پڑھایا جاتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا، یہاں کی لائبریری میں قرآن ہے تو گیتا رامائن کے ترجمے بھی موجود ہیں۔ اے ایم یو میں ہندوستان کی بہترین تصویر نظر آتی ہے۔ یہاں پر اسلام کے حوالہ سے جو تحقیق ہوتی ہے، اس سے ہندوستان کے اسلامی ممالک سے تعلقات بہتر ہوتے ہیں۔‘‘
اے ایم یو سے فارغ التحصیل لوگ دنیا میں چھائے ہوئے ہیں
اے ایم یو کی صد سالہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے سر سید احمد خان کے اس عالمی شہرت یافتہ تعلیمی ادارے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اے ایم یو سے فارغ التحصیل لوگ دنبا میں چھائے ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں کہا، ’’اے ایم یو کی دیواروں پر ملک کی تاریخ درج ہے۔ یہاں سے تعلیم یافہ طالب علم دنیا میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ یہاں سے نکلے کئی لوگوں سے بیرون ملک ملاقات ہوئی جو ہمیشہ ہنسی مذاق اور شعر و شاعری کے ماہر ہوتے ہیں۔
پی ایم مودی نے جاری کیا اے ایم یو پر پوسٹل اسٹامپ
اے ایم یو کی صد سالہ تقریب میں وزیر اعظم مودی کی شرکت
وزیر اعظم نریندر مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی صد سالہ تقریبات میں شریک ہیں۔ وزیر اعظم تقریب کے دوران پوسٹل ڈاک ٹکٹ جاری کریں گے۔ اس موقع پر اے ایم یو کے چانسلر سیدنا مفدل سیف الدین اور مرکزی وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نشینک بھی موجود ہیں۔