’کسانوں کے گھر کھانا کھانے سے کوئی کسان نہیں ہو جاتا‘: ترنمول کانگریس
امت شاہ نے بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو ہدف تنقید بنایا، جبکہ ٹی ایم سی کی طرف سے امت شاہ اور بی جے پی پر پلٹ وار کیا گیا اور ٹی ایم سی لیڈر کلیان سنگھ نے بی جے پی کو فسادیوں کی پارٹی قرار دیا
کولکتہ: بی جے پی لیڈر اور وزیر داخلہ امت شاہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں بنگال دورے پر ہیں اور آج ان کے دورے کا دوسرا دن ہے۔ گزشتہ روز امت شاہ نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو ہدف تنقید بنایا، جبکہ ٹی ایم سی کی طرف سے امت شاہ اور بی جے پی پر پلٹ وار کیا گیا اور ٹی ایم سی لیڈر کلیان سنگھ نے بی جے پی کو فسادیوں کی پارٹی قرار دیا۔
مدنا پور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے ممتا بنرجی کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ بی جے پی لوگوں کو دوسری پارٹیوں کے ساتھ لے جاتی ہے۔ میں ممتا بنرجی کو ان دنوں کی یاد دلانا چاہتا ہوں جب وہ کانگریس میں تھیں۔ اگر انہوں نے کانگریس چھوڑ دی اور ترنمول کانگریس تشکیل دی تو کیا وہ عیب نہیں تھا؟
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے حملے کے بعد ترنمول کانگریس نے اب جوابی حملہ کیا۔ ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی نے کہا کہ امت شاہ کو بنگال کی سیاسی تاریخ کے بارے میں معلوم نہیں ہے۔ کانگریس سے نکالے جانے کے بعد ممتا بنرجی نے ایک نئی پارٹی تشکیل دی۔ امت شاہ نہیں جانتے کہ ممتا بنرجی نے کانگریس نہیں چھوڑی۔
امت شاہ کی ریلی ختم ہونے کے بعد ٹی ایم سی کے کلیان بنرجی نے پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی بدعنوان پارٹی کا جلسہ ختم ہوا۔ جب امت شاہ نے بولنے لگے تو ہم نے دیکھا کہ میدان آدھا خالی تھا۔ لوگ جانتے ہیں کہ وہ صرف جھوٹ بولتے ہیں۔ کلیان بنرجی نے کہا کہ جب امت شاہ خاندان کی بات کرتے ہیں تو وہ ادھیکاری خاندان (سویندو ادھیکاری) کو بھول جاتے ہیں۔
انہوں نے امت شاہ سے پوچھا کہ یہ بھی بتائیں کہ آپ کے بیٹے جے شاہ کا بی سی سی آئی میں داخلہ کیسے ہوا؟ کلیان بنرجی نے کہا ہے کہ صرف کسانوں کے گھر کھانا کھانے سے کوئی کسان نہیں ہو جاتا، بی جے پی فسادیوں کی جماعت ہے۔
قبل ازیںِ ترنمول کانگریس کے باغی رہنما سویندو ادھیکاری مدناپور میں ایک ریلی میں وزیر داخلہ امت شاہ کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ سویندو ادھیکاری کے علاوہ ٹی ایم سی، سی پی ایم، سی پی آئی سمیت کئی پارٹیوں کے 9 ارکان اسمبلی نے بھی بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ سویندو ادھیکاری نے یہ الزام لگاتے ہوئے ترنمول کانگریس سے علاحدگی اختیار کی کہ پارٹی کے اندر انتہا درجے کی گندگی ہے۔ بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد ادھیکاری نے کہا کہ جو حکومت مرکز میں موجود ہے وہ اگر مغربی بنگال میں حکومت نہیں کرے گی تو اس سے ریاست کی ترقیاتی اور اقتصادی خوشحالی کے امکانات کو نقصان پہنچے گا۔
خیال رہے کہ امت شاہ آپ انے بنگال دورے کے دوسرے دن کی شروعات صبح 11 بجے ویشو بھاری یونیورسٹی، ناری نکیتن سے کریں گے۔ امت شاہ شانتی نکیتن کے رویندر بھون میں گرو رابیندر ناتھ ٹیگور کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ اس کے بعد وہ یونیورسٹی کے سنگیت بھون جائیں گے اور دوپہر 12 بجے یہاں سے بنگلہ دیش بھون کانفرنس ہال سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد وہ بیربھوم کے لئے روانہ ہوں گے۔
امت شاہ دوپہر 12.50 پر بیربھوم کے شیام بتی، پرول دنگا میں باؤل گلوکار خاندان کے گھر پر کھانا کھائیں گے۔ اس کے بعد امت شاہ بولپور میں اسٹیڈیم روڈ واقع ہنومان مندر سے بولپور سرکل تک روڈ شو کریں گے۔ آخر میں 4.45 پر موہور کٹیر ریزارٹ میں پریس کانفرنس کے ساتھ امت شاہ کے دورے کا اختتام ہو جائے گا۔