زرعی اصلاحات کسان تنظیموں اور اپوزیشن کے مطالبات پر ہی نافذ کی گئیں: وزیراعظم مودی
زرعی قوانین پر کسانوں اور حزب اختلاف کی تشویش اور خدشات کو وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز مسترد کر دیا اور کہا کہ حزب اختلاف کی جانب سے کسانوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے جبکہ یہ اصلاحات انہی کی مرضی کے مطابق نافذ کی گئی ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، ’’زراعت سے متعلق اصلاحات کسان تنظیموں اور حزب اختلاف کی طرف سے برسوں سے کئے جا رہے مطالبات کے عین مطابق ہیں۔ حکومت ہند ہمیشہ کسانوں کی بہبود کے لئے پُر عزم ہے اور ہم کسانوں کے جو بھی تحفظات ہیں ہم یقین دلاتے ہیں کہ انہیں سنا جائے گا۔‘‘
وزیر اعظم مودی نے مزید کہا، ’’وہ لوگ جو آج اپوزیشن میں بیٹھے ہیں اور کسانوں کو گمراہ کر رہے ہیں وہ جس حکومت میں تھے تو ان اصلاحات کے حامی تھے۔ وہ اپنی حکومت کے دوران فیصلہ نہیں لے سکے۔ آج جب قوم نے یہ تاریخی قدم اٹھا لیا ہے تو یہ لوگ کسانوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔‘‘