مہاراشٹرا: ملازمین کے ڈریس کوڈ پر حکومت کا فیصلہ قابلِ قبول ہے
ساجد محمود شیخ، میراروڈ
مکرمی !
مہاراشٹر کی صوبائی حکومت نے اپنے ملازمین کے ڈریس کوڈ کو لے کر ایک بہترین فیصلہ کیا ہے،جو کہ قابلِ قبول بھی ہے اور قابلِ ستائش بھی ہے۔ اس فیصلے کی رو سے اب ریاستی حکومت کے ملازمین پر دفتر میں ٹی شرٹ اور جینس پینٹ پہن کر آنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکومت کے اس استدلال سے میں متفق ہوں کہ سرکاری ملازمین کو سادگی سے رہنا چاہئے۔ بلاشبہ کپڑوں کا انسان کی باڈی لینگویج پر اثر پڑتا ہے اور فرد کا رویّہ بھی تبدیل ہو جاتا ہے۔ روایتی لباس میں انسان مہذب دکھائی دیتا ہے۔ ٹی شرٹ اور جینس پینٹ کوئی مہذب کپڑے نہیں ہیں بلکہ یہ دور جدید کا فیشن ہے ۔
اس فیصلے کا اطلاق سرکاری و غیر سرکاری ہر طرح کے اسکول کے اساتذہ پر بھی ہونا چاہئے۔ دیکھنے میں آتا ہے کہ اسکول کے اساتذہ بھی ٹی شرٹ اور جینس پینٹ پہن کر اسکول آتے ہیں،جبکہ ان کو سادگی کی مثال قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ طلبہ کو اخلاقیات کا درس دے سکیں۔ اساتذہ کو یہ بات ذہن نشین کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ اپنے طلبہ کے آئیڈیل ہیں اور طلبہ اپنے استاد سے زندگی گزارنے کا سلیقہ سیکھتے ہیں۔