ضلع بیدر سے

بیدرمیں کسان تنظیموں کا احتجاجی مظاہرہ، کسان مخالف قانون کو واپس لینے کا مطالبہ

بیدر: 8/دسمبر(اے این این) بھارت بند کے موقعہ پر شہر بیدر میں کسانوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ مختلف کسان تنظیموں اور دیگر سیاسی و ملی تنظیموں سے وابستہ افراد نے شہر کے امبیڈکر سرکل پر جمع ہوکر کسان مخالف قانون کو واپس لینے کے لیے حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔ کسان لیڈرس نے اس موقع پر بتایا کہ اس طرح کے قوانین دراصل کے کسانوں پرظلم تصور کیے جائیں گے۔ لہذا ہمارا ملک جس کی پہچان کسان ہیں، کسانوں کی محنت کو نظر انداز نہ کرتے ہوئے ان کے خلاف گزشتہ دنوں پاس کیے گئے تینوں قوانین کو واپس لیا جائے۔

کسانوں کے اس مظاہرہ وبند کی تائید و حمایت میں آل انڈیا کسان سنگھرش کوآرڈینیشن کمیٹی ضلع سمیتی بیدر، آل انڈیا کسان سبھا ضلع بیدر،جمعیت علماء اور جماعت اسلامی ہند، کانگریس، ویلفیئر پارٹی اور دیگر جماعتوں کے نمائندہ افراد اس احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئے اور انھوں نے کسانوں کی مظاہرے کی حمایت بھی کی۔ فوری طور پر حکومت سے اس بات کا مطالبہ کیا کہ کسان مخالف قوانین کو واپس لیا جائے۔

اس موقع پرکمیونسٹ پارٹی سے بابو راوٴ ہننا، کانگریس اور دیگر سیاسی پارٹیوں کے لیڈرس جماعت اسلامی سے مولوی محمد ظفراللہ خان اور مجتبیٰ خان۔ جمعیت علمائے ہند بیدر سےمفتی غلام یزدانی ضلعی صدر کے علاوہ دیگر وابستہ افراد اور ویلفیئر پارٹی سے مبشر سندھے ضلعی صدر، سید ابراھیم سٹی پرسڈنٹ ڈبلیو پی آئی بیدر کے علاوہ دیگر نمائندہ افراد بھی موجود تھے۔ یاد رہے کسانوں کی جانب سے اعلان کئے گئے پُرامن بھارت بند کا شہر میں کوئی خاص اثر نہیں دیکھا گیا، البتہ شہر کے امبیڈکرسرکل پر احتجاجی مظاہرے میں چند افراد نے شریک ہوکر کسانوں کی حمایت میں آواز اٹھائی۔احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس کا سخت بندوبست کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!