آواز: عوام سےایڈیٹر کے نام

حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابی نتائج، سیکولر جماعتوں کے لئے لمحہ فکر

ساجد محمود شیخ میراروڈ ممبئی

مکرمی ! 
           حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابی نتائج سیکولر جماعتوں کے لئے خطرہ کی گھنٹی ہیں۔ اگرچیکہ سیکولر جماعتوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر معمولی سبقت حاصل کرلی ہے اور ٹی آر ایس و مجلس کے ممکنہ اتحاد سے میئر کی کرسی تک رسائی ممکن ہوگئی ہے،مگر بی جے پی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت لمحۂ فکریہ بھی ہے،کیونکہ اب تک یہ جنوبی ریاست فرقہ پرستی کے اثر سے پاک تھی۔ اِن سیکولر جماعتوں کو  اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے اور حیدرآباد کے شہریوں کو درپیش بلدی مسائل  کا ازالہ کرنا ہوگا۔

پرانے شہر کی گندی گلیوں اور خستہ حال سڑکوں کی مرمّت کرنی ہوگی اور رائے دہندگان کا اعتماد بحال کرنا پڑے گا۔ بصورت دیگر مستقبل کے عام انتخابات اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں ان کو نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ بالخصوص مجلسِ اتحاد المسلمین کو اپنے لب و لہجہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ مجلس کی نا عاقبت اندیشی اور الٹے سیدھے بیانات کی بدولت ہی بھارتیہ جنتا پارٹی کو تقویت حاصل ہوتی ہے۔ موجودہ انتخاب میں بھی قائدین مجلس کی جانب سے این ٹی راماراؤ کے مجسمے کے خلاف بیان بازی نے بھی نتائج کو متاثر کیا ہے۔ قائدین مجلس کو ذمہ دارنہ رول ادا کرنا ہوگا اور گفتگو میں شائستگی پیدا کرنا ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!