بنگال میں کبھی بھی این آر سی کو نافذ نہیں ہونے دیا جائے گا:ممتا بنرجی
کلکتہ 4اپریل، وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج کہا ہے کہ اگر نریندر مودی ملک کے دوبارہ وزیر اعظم منتخب ہوگئے تو وہ ملک کے آئین کو ختم کردیں گے اور فسطائی نظام کو نافذ کردیں گے۔
کوچ بہار میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ”مودی کے تین ہی نعرے ہیں ”لوٹ“،”فساد“ اور ”قتل“۔ممتا بنرجی نے کہا کہ انکیلو کے تبادلہ کا معاہدہ ان کی وجہ سے 2015میں ہوا ہے اور ان کی سرگرمی کی وجہ سے ہی دونوں ملکوں کی حکومتوں کے درمیان معاہد ہ ہوا ہے۔ممتا بنرجی نے مودی حکومت کے ”شہری ترمیمی بل“ کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس بل کے ذریعہ مذہب کے نام پ عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش ہے۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال میں کبھی بھی ”این آر سی“ کو نافذ نہیں ہونے دیا جائے گا۔کوئی یہ فیصلہ نہیں کرے گا ملک میں کون رہے گا اور کون نہیں۔بی جے پی سے ہوشیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک کے شہریوں کو رفیوجی بنانے کی کوشش ہے۔
مودی کے ”میں بھی چوکیدار ہوں“ کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ چائے والا ناکام ہوچکا ہے۔2014میں کیے گئے وعدے کو فراموش کردیا تو اب چوکیدار بن گیا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ ملک کو بیوقوف بنانے کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔

وزیرا علیٰ نے کہا کہ مودی ملک کے وزیر اعظم ہیں انہیں اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ ہندوستانی افواج ملک کی فوج اور ہمارے جوان ملک کی حفاظت کرتے ہیں اس لیے ان پرسیاست نہیں ہونا چاہیے مگر الیکشن کمیشن کی ہدایات کے باوجود مسلسل مودی اور ان کی پارٹی فوج پر سیاست کرتی ہے۔ہم سب کو فوج کی صلاحیت پر بھروسہ ہے مگرہم فوج کے جوانوں کی قربانیوں اور ان کے خون پر سیاست کرنے نہیں دیں گے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی اور شاہ بنگال میں جتنی بھی ریلیاں کرلیں مگر انہیں ایک بھی سیٹ نہیں ملنے والی ہے ہم یہاں 42میں سے 42سیٹوں پر کامیابی حاصل کریں گے۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کی پالیسیوں کی وجہ سے بنگال کے کسانوں کی آمدنی میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔جب کہ مودی حکومت حکومت کی وجہ سے لاکھوں افراد بے روزگار ہوگئے ہیں اور ملک بھوک مری کی فہرست میں آگے بڑھ گیا ہے۔مودی کی ایک بھی فلاحی اسکیم کا فائدہ کسانوں اور عام آدمی تک نہیں پہنچا ہے۔جب کہ بنگال کے 90فیصد کسانوں کو ہم مراعات اور انسورنش دے رہے ہیں۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ مودی بابو کے دور حکومت میں ملک کو لوٹنے والوں کو چھوٹ دی گئی اور انہیں بھاگنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ مودی آج شہری ترمیمی بل پر سیاست کررہے ہیں۔پانچ سال تک مرکز میں حکومت رہتے ہوئے کیوں نہیں کیا ہے۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی بابو کہہ رہے ہیں کہ ہم نے بڑی تعداد میں بنگال کو روپے دیے ہیں مگر وہ روپے کہاں گئے؟شرمناک بات ہے وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔وہ روپے ریاست کا حق تھا جب کہ ہمارا پورا حق اب تک نہیں ملا ہے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی بابو کہہ رہے ہیں کہ بنگال میں درگا پوجا کی اجازت نہیں ہے وہ جھوٹ بول رہے ہیں اور ہردن ایک نئے جھوٹ کو گڑھتے ہیں۔ممتا بنرجی نے کہا کہ آخر ملک بھر میں کسان خودکشی کیوں کررہے ہیں؟ لوگ بے روزگار کیوں ہورہے ہیں؟ ممتا بنرجی نے کہا کہ آسام میں 22لاکھ ہندو اور 23لاکھ مسلم بنگالیوں کو ان کے شہری حقوق سے محروم کردیا ہے۔یہ کیسی چوکیداری ہے کہ ملک کے شہری اپنے ہی ملک میں بے روزگار ہوجائیں۔ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی کوچ بہار آکر دیکھیں کہ گزشتہ سات سالوں میں ریاست میں ترقیاتی کام کتنے بڑے پیمانے پر ہوئے ہیں،انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے مگر مرکزی حکومت نے کوئی مددنہیں کی۔(یواین آئی)