جمعیت علماء ہند، بیدر کی اپیل: 6 /ڈسمبر کو”یوم مساجد“ منائیں
بیدر: 4/دسمبر (اے ایس ایم) مولانا محمدتصدق ندوی جنرل سکریٹری جمعیت علماء بیدر نے 6 /ڈسمبر کی تاریخ کو”یوم مساجد“ منانے کی اپیل کی ہے6 /ڈسمبرچونکہ خاص پس منظر کی بنیاد پر مسلمانوں کے لئے ایک جذباتی وابستگی کا موقع ہے لہٰذا اس موقع کو قیمتی بناتے ہوئے ”یوم مساجد“ کے عنوان پر اپنے علاقہ کی ہر مسجد میں یہ پاکیزہ سنجیدہ اور خالص دینی پروگرام منعقد کریں، جسکا طریقہ کار یہ ہے کہ مسجد کمیٹی کے ذمہ داران یا متولی حضرات پیشگی مصلیان مسجد سے 6 /ڈسمبر کو یوم مساجدمنانے کا اعلان کریں،اورمحلہ کے مصلیوں کو جمع کر کے اس دن کسی نماز کے بعد مساجد کی ضرورت واہمیت،مساجد کے حقوق اور محلہ والوں کے ذمہ داریوں کے موضوع پر مسجد کے امام صاحب یا خطیب صاحب سے بیان کروائیں۔
یوم مساجد کے مبارک عنوان کے ذریعہ مساجد کے متعلق ذمہ داریوں کے ضمن میں آئمہ کرام اور موذن حضرات کے مسائل بھی بیان کئے جائیں اور اس وقت جو مساجد غیرآباد ہیں انکو آباد کرنے کی فکر کریں کیونکہ اس وقت کچھ لوگوں کی نگاہیں ان غیر آباد مساجد پر جمی ہوئی ہیں،اس خاص موقع پر مسجد نبویؐ کے حوالہ سے نظام مساجد کے مقاصد کو اجاگر کیا جائے اور یہ ذہن نشین کرایا جائے کہ مسجدیں مسلمانوں کی صرف عبادت گاہیں ہی نہیں ہیں بلکہ یہ انکے دینی مراکز ہیں جنکے ذریعہ مسلمانوں کے دیگر مسائل کے ساتھ انکے اندر تعلیمی بیداری لانے کی فکر کی جائے جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔
عامۃالمسلمین میں ان باتوں کا احساس پیدا کرنے کے لئے کبھی کبھار اتفاقی طورپر ایک جلسہ یا بیان کردیا جائے یہ کافی نہیں ہے بلکہ یہ سالانہ پروگرام چلتا رہے،یہ ایک تحریکی انداز کا کام ہے جسکو مسلسل کیا جائے تو انشاء اللہ چند سالوں میں یہ احساس پیدا ہوسکتا ہے۔