میراروڈ میں پھیری والوں کو متبادل جگہ فراہم کی جائے
ساجد محمود شیخ، پوجانگر، میراروڈ
مکرمی !
بروز بدھ کو میراروڈ میں نیا نگر علاقے میں میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کی طرف سے پھیری والوں کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی۔عام طور پر دیکھا جاتا ہے کہ میونسپل عملہ پھیری والوں کا سامان اٹھاکر لے جاتے ہیں اور مناسب جرمانہ ادا کرنے پر سامان لوٹا دیا جاتا ہے۔ مگر نیا نگر میں ہونے والی کارروائی میں بلڈوزر سے پھیری والوں کی گاڑیوں اور ٹھیلوں کو توڑا گیا اور ان کے سامان کو تہس نہس کردیا گیا، جس کا اختیار میونسپل عملہ کو نہیں ہے۔ بغیر انتباہ کے اچانک کاروائی کرنا اور بڑی بے رحمی اور سنگدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سامان کو نقصان پہنچانا میونسپل عملہ کی دادا گیری ہے اور انھیں من مانی کرنے سے باز آنا چاہئے۔ غور طلب بات یہ ہے کہ راہگیروں کو آنے جانے کی تکلیف پھیری والوں سے زیادہ دکانداروں سے ہوتی ہے کیونکہ وہ لوگ اپنی دکان کا سامان باہر فٹ پاتھ پر لاکر رکھتے ہیں،مگر میونسپل عملہ صرف پھیری والوں کے خلاف ہی کارروائی کرتا ہے ۔
اس مسئلہ کو انسانی نقطہء نظر سے دیکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ میراروڈ کے باہر جاکر روزگار حاصل نہیں کر سکتے ہیں اسلئے چھوٹے کاروبار کے ذریعے اپنا پیٹ پالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔یہ پھیری والے متوسط طبقے کی آس بھی ہیں کیونکہ پھیری والوں کے پاس کم قیمت میں سامان دستیاب ہوتا ہے ۔ میرے خیال میں اس مسئل کا بہترین حل یہ ہے کہ اِن پھیری والوں کو متبادل جگہ فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنی روزی روٹی کمانے کی کوشش جاری رکھیں۔ نیا نگر میں تین سڑک ہیں ان میں سے ریلوے لائن سے قریب والی سڑک جسے بیک روڈ کے نام سے جانا جاتا ہے پھیری والوں کو دی جائے کیونکہ وہ سڑک نسبتاً سنسان رہتی ہے اور وہاں گاڑیوں اور راہگیروں کی آمدورفت بھی وہاں کم ہے۔امیدہیکہ میونسپل کارپوریشن کے ذمہ داران توجہ دیں گے.