خبریںقومی

ڈاکٹر کلب صادق کی وفات اُمت کا ناقابلِ تلافی خسارہ: امیر جماعت اسلامی ہند

نئی دہلی: 25؍ نومبر (پریس ریلیز) ’’مولانا کلب صادق اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے۔ انھوں نے شیعہ سنّی خلیج کو کم کرنے اور دوریاں مٹانے میں اہم کردار ادا کیا اور کام یابی حاصل کی۔ یہی نہیں بلکہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے بھی برابر کوشاں رہتے تھے۔ ان کی وفات ملت اسلامیہ ہند یہ کا ناقابلِ تلافی خسارہ ہے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار جناب سید سعادت اللہ حسینی نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کیا۔

امیر جماعت نے کہا کہ جناب کلب صادق مسلمانوں میں تعلیمی بیداری لانے کے لیے برابر کوشاں رہتے تھے۔ انھوں نے ملک کے مختلف حصوں میں تعلیمی، طبی اور رفاہی ادارے قائم کیے۔ لکھنؤ کا ایرا میڈیکل کالج انہی کی یادگار ہے۔ انھوں نے ’توحید المسلمین‘ ٹرسٹ قائم کیا، جس کے ذریعے بے شمار غریب اور مستحق نوجوانوں کی امداد کی اور ان کے تعلیمی مصارف برداشت کیے۔

حسینی صاحب نے بتایا کہ ڈاکٹر کلب صادق عرصہ تک آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر رہے۔ وہ پابندی سے بورڈ کے اجلاسوں میں شرکت کرتے تھے۔ ان کی گفتگو بہت سنجیدہ، سلجھی ہوئی اور مدبرانہ ہوتی تھی۔ جماعت اسلامی ہند کی سرگرمیوں کو بھی وہ پسندیدگی کی نظر سے دیکھتے تھے۔ اس کے متعدد بڑے پروگراموں میں انھوں نے شرکت کی ہے۔ امیر جماعت نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی خدمات کو قبول فرمائے، انھیں جنت الفردوس سے نوازے اور پس ماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور امت کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!