سعودی عرب میں ہرکسی کو کورونا وائرس کی ویکسین مفت دستیاب ہوگی: وزارتِ صحت
وزارت صحت کے ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مملکت میں 2021ء کے آخر تک کورونا وائرس کی ویکسینیں وافر تعداد میں دستیاب ہوں گی اور یہ ملک کی 70 فی صد آبادی کے لیے کافی ہوں گی۔
سعودی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں رہنے والے ہر فرد کو کورونا وائرس کی ویکسین مفت مہیا کی جائے گی۔ سعودی عرب کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل الاخباریہ نے وزارت صحت کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’’مملکت میں 2021ء کے آخر تک کورونا وائرس کی ویکسینیں وافر تعداد میں دستیاب ہوں گی اور یہ ملک کی 70 فی صد آبادی کے لیے کافی ہوں گی۔‘‘
البتہ وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹرمحمدعبدالعالی نے روزانہ کی نیوز بریفنگ میں واضح کیا ہے کہ’’کوئی بھی ویکسین محفوظ، مؤثر اور متعلقہ حکام سے منظور شدہ ہونی چاہیے۔‘‘ دریں اثناء وزارتِ صحت نے منگل کے روز مملکت میں کورونا وائرس کے 252 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے جبکہ پہلے سے اس مہلک وائرس کے شکار 15 مریض وفات پا گئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹے میں سعودی عرب میں کووِڈ-19 کے 495 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔ مملکت میں اب تک کورونا وائرس کے کل 355741 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان میں سے 344311 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور 5811 مریض وفات پا چکے ہیں۔ سعودی عرب کی صدارت میں دنیا کی بیس بڑی معیشتوں پر مشتمل گروپ کے لیڈروں نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے علاج کی ویکسین کی شفاف اور منصفانہ انداز میں دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔
ان لیڈروں نے اتوار کو الریاض میں ورچوئل سربراہ اجلاس کے بعد اپنے حتمی اعلامیہ میں کہا ہے کہ انھوں نے عالمی صحت کو درپیش خطرے سے نمٹنے کے لیے کووِڈ-19 کی تشخیص، ویکسین کی تیاری اور اس کی محفوظ تقسیم کے لیے وافر وسائل مہیا کیے ہیں۔ اب تک امریکہ، برطانیہ اور روس میں چار ویکسینوں کی کامیاب اور مؤثرآزمائش کی اطلاع دی ہے۔ برطانوی دوا ساز کمپنی آسٹرا زینیکا نے گزشتہ اتوار کو اطلاع دی ہے کہ اس کی تیارکردہ ویکسین کووِڈ-19 کے علاج میں 90 فی صد تک مؤثر ثابت ہوئی ہے۔
اس برطانوی کمپنی کی ویکسین سے قبل امریکہ کی دو اور روس کی تیارکردہ ایک ویکسین کی کامیاب جانچ کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔ 16 نومبر کو امریکہ کی دوا ساز کمپنی ماڈرنا نے اپنی ویکسین کے آزمائشی جانچ میں 94۰5 فی صد تک مؤثر ہونے کی اطلاع دی تھی۔
روس نے 9 نومبر کو یہ اطلاع دی تھی کہ اس کی تیار کردہ ویکسین سپوتنک پنجم کورونا وائرس کے علاج کی کلنیکی آزمائش میں 90 فی صد سے زیادہ مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ امریکہ کی ایک اور دوا ساز کمپنی فائزر نے بھی 9 نومبر کو کووِڈ-19 کے علاج کے لیے تیار کردہ ویکسین کے 90 فی صد سے زیادہ مؤثر ہونے کی اطلاع دی تھی۔ فائزر نے جرمنی کی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی بائیو این ٹیک کے اشتراک سے یہ ویکسین تیار کی ہے۔
بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ