ووٹرس لسٹ میں اپنا نام درج کروانے نوجوانوں سے ساجد محمود شیخ کی اپیل
ساجد محمود شیخ، میراروڈ، ممبئی
مکرمی!
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے ہر سال انتخابی فہرست میں ناموں کی درستی اور نئے نام کے اندراج کا کام ہوتا ہے۔ اب یہ کام شروع ہوچکا ہے۔ اس دوران آپ انتخابی فہرست ( ووٹنگ لسٹ ) میں اپنا نام دیکھ سکتے ہیں ۔ اگر نام،عمر،جنس،ولدیت اور رہائشی پتہ میں کوئی غلطی ہو تو فارم نمبر (8) بھر کر درست کرواسکتے ہیں۔ جو نوجوان لڑکے لڑکیاں ، ۱،جنوری ۲۰۲۱ کو اٹھارہ برس کے ہوں گے یا ایسے افراد جن کا الیکشن لسٹ میں نام نہیں ہے وہ لوگ فارم نمبر 6 بھر کر اپنا نام درج کرواسکتے ہیں۔ ایسے لوگ جو ایک محلہ سے دوسرے محلہ جارہے ہیں اور ان کی یادی نمبر تبدیل ہو رہی ہو وہ لوگ A 8 کا فارم بھریں۔
ایک اسمبلی حلقہ سے دوسرے اسمبلی حلقہ جانے کے لئے پہلے والے اسمبلی حلقہ میں فارم برائے اخراج (7) بھر کر نئے حلقے میں فارم نمبر 7 کی رسید لے جا کر وہاں فارم نمبر 6 بھریں ۔ یہ تمام کام آپ کے نزدیکی اسکول جہاں اسمبلی الیکشن میں ووٹنگ کے لئے جاتے ہیں جاری ہیں۔ دفتری اوقات صبح دس تا چار بجے کے درمیان اپنے ساتھ ایک شناختی کارڈ،عمر کا پروف اور ایڈریس پروف کی نقل ( سیلف اٹیسٹیڈ زیراکس) کے ساتھ جاکر فارم حاصل کریں اور پُر کرکے دیں ۔ آخری تاریخ ۱۵ دسمبر ہے ۔ برادرانِ ملّت سے گزارش ہے کہ اس کام کو اولین ترجیح دیں اور اسے ایک ملّی فریضہ سمجھ کر انجام دیں،تاکہ انتخاب کے وقت آسانی ہو اور دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے۔