میراروڈ: یوتھ ونگ جماعت اسلامی کی جانب سے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا کامیاب انعقاد
خون بنایا نہیں جاسکتا، صرف دیا جاسکتا ہے: قیصر خلیفہ
میرا روڈ: 24/نومبر (ایس او) میراروڈ کے اسلامک سینٹر پر عطیہ خون ( بلڈ ڈونیشن ) کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں خواتین سمیت نوجوان اور مقامی افراد نے جوش و خروش سے حصہ لیا اور خون کا عطیہ کیا۔
یوتھ ونگ جماعت اسلامی ہند ممبئی کی جانب سے میراروڈ یونٹ کے تحت عطیہ خون (بلڈ ڈونیشن) کیمپ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہا۔ میراروڈ مقام پر عطیہ خون کے کل 49 یونٹس اکٹھا کیے گئے۔ تمام یونٹس راجیو گاندھی بلڈ بینک میرا بھائیندر پر جمع کرائے گئے۔ خون کا عطیہ کرنے والوں کو مذکورہ بلڈ بینک کی جانب سے سرٹیفیکیٹ سے نوازا گیا۔ ساتھ ہی ساتھ تمام خون کا عطیہ کرنے والوں کے لئے چائے بسکٹ، ناشتے وغیرہ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
کیمپ میں شرکت کرنے والے ڈاکٹرز اور تمام ہی میڈیکل اسٹاف کو اسلام کا تعارف اور مقصدِ حیات پر تبادلہء خیال کیا گیا۔ شرکت کرنے والوں نے مسرت کا اظہار کیا اور ساتھ ہی یوتھ ونگ کے اقدام کو بھرپور سراہا۔ اسی نوع کی سرگرمیاں مستقبل میں کیے جانے اور اُن کی جانب سے ایسا ہی مثبت تعاون کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
یوتھ وِنگ میراروڈ کے مقامی صدر قیصر خلیفہ نے نمائندہ سے بات چیت کے دوران کہا کہ ” قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کے فرمان کے مطابق کہ کسی شخص نے ایک انسان کی جان بچائی،اُس نے مکمل انسانیت کی جان بچائی، اور جس نے ایک انسان کی جان لی اُس نے پوری انسانیت کی جان لی۔ عطیہ خون ایک نیک عمل ہے، اور اس خون کے عطیات کے ذریعے دیگر انسانوں کی جان بچانے میں نمایاں رول انجام دیا جا سکتا ہے۔ “
اس موقع پر یوتھ ونگ کے ذمہ داران، جماعت اسلامی ہند میراروڈ کے ذمہ داران اور ایس آئی او میراروڈ ( اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا، میراروڈ ) کے ذمہ داران و کارکنان موجود تھے۔