تازہ خبریںٹاپ اسٹوری

اسرائیلی وزیراعظم کا رات میں خفیہ دورہ سعودی عرب، محمد بن سلمان سے کی طویل ملاقات!

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اسرائیلی پی ایم نیتن یاہو کی خفیہ ملاقات، خلیجی ممالک میں ہلچل ’ٹائمز آف اسرائیل‘ کے مطابق امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب اس معاملے کو اتنا خفیہ رکھنا چاہتے تھے کہ نیتن یاہو کے اس سفر کے لیے اسرائیل کے بڑے بزنس مین ایہود اینگیل کا پرائیویٹ طیارہ استعمال کیا گیا۔

سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان رشتوں کی تلخیاں ختم ہوتی ہوئی معلوم ہو رہی ہیں، کیونکہ اسرائیلی میڈیا سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے اتوار کی شب سعودی عرب کا خفیہ دورہ کر ولی عہد محمد بن سلمان سے طویل ملاقات کی ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے یہ بھی بتایا ہے کہ نیتن یاہو کے ساتھ خفیہ ایجنسی موساد کے چیف یوسی کوہین بھی موجود تھے۔ اس ملاقات کی خبر سے خلیجی ممالک میں ہلچل دیکھنے کو مل رہی ہے۔

ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ نیتن یاہو اور کوہین سعودی شہر نیوم پہنچے جہاں امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پہلے سے موجود تھے۔ ان سبھی کے درمیان خفیہ بات چیت ہوئی۔ فی الحال اسرائیل یا سعودی عرب نے نیتن یاہو کے سفر سے متعلق آفیشیل بیان جاری نہیں کیا ہے، لیکن امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی اس سلسلے میں کوئی پیش رفت دیکھنے کو ملے گی۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ دو مہینے قبل اسرائیل نے یو اے ای اور بحرین سے سفارتی تعلقات بحال کیے تھے، جس کے بعد مانا جا رہا تھا کہ اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان بھی سفارتی تعلقات بہتر کرنے کی کوششیں ہوں گی۔

بہر حال، اسرائیلی میڈیا نے اس ’ٹریول ریکارڈ‘ کو شیئر کیا ہے جو اتوار کو تل ابیب اور نیوم براستہ ریاض طے پایا۔ امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے پیر کی صبح کہا کہ ’’میری ولی عہد سلمان سے اتوار کی ملاقات کافی اچھی رہی۔‘‘ اس سے قبل پومپیو اسرائیل گئے تھے اور پھر سعودی عرب پہنچے۔ حالانکہ پومپیو نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا کہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران کوئی اسرائیلی بھی موجود تھا یا نہیں۔

’ٹائمز آف اسرائیل‘ کے مطابق تینوں ملک (امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب) اس معاملے کو اتنا خفیہ رکھنا چاہتے تھے کہ نیتن یاہو کے اس سفر کے لیے اسرائیل کے بڑے بزنس مین ایہود اینگیل کا پرائیویٹ طیارہ استعمال کیا گیا۔ نیتن یاہو پہلے بھی اس طیارہ کا استعمال کر چکے ہیں۔ لیکن کچھ ٹوئٹر صارفین نے پایا کہ اتوار کو تل ابیب اور نیوم کے درمیان ایک طیارہ چکر لگا رہا ہے۔ وہ وہاں پر پانچ گھنٹے رکا۔ عام طور پر اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان اس طرح کے سفر کے بارے میں سوچا بھی نہیں جاتا۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سفر کے لیے نیتن یاہو نے کورونا پر ایک میٹنگ بھی منسوخ کر دی۔ اسرائیل کے وزیر دفاع کو بھی اس کی جانکاری نہیں دی گئی۔ گزشتہ سال اسی پرائیویٹ جیٹ سے اسی طرح کے خفیہ سفر پر نیتن یاہو عمان بھی گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!