مرنا پسند کروں گا مگر بی جے پی میں شامل نہیں ہوسکتا: سوگت رائے
بی جے پی کے ارجن سنگھ نے کہا ہے کہ شوبھندو ادھیکاری اور سوگت رائے سمیت ترنمول کانگریس کے پانچ ممبران پارلیمنٹ کسی بھی وقت بی جے پی میں شامل ہو سکتے ہیں
بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ارجن سنگھ کے ذریعہ ترنمول کانگریس کے پانچ ممبران پارلیمنٹ کے بی جے پی میں شامل ہونے کے دعویٰ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ سوگت رائے نے کہا کہ ارجن سنگھ افواہیں پھیلارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں مرنا پسند کروں گا مگر بی جے پی میں کبھی بھی شامل نہیں ہوسکتا ہوں ۔
خیال رہے کہ ارجن سنگھ نے کہا کہ شوبھندو ادھیکاری اور سوگت رائے سمیت ترنمول کانگریس کے پانچ ممبران پارلیمنٹ کسی بھی وقت بی جےپی میں شامل ہوسکتےہیں ۔ارجن سنگھ نے کہا کہ سوگت رائے کیمرہ کے سامنے گرچہ ممتا بنرجی کی ترجمانی کرتے ہیں مگر کیمرہ کے باہر و ہ ترنمو ل کانگریس اوراس کی قیادت سے ناراض ہیں ۔
دمڈم سے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سوگت رائے نے ارجن سنگھ کے دعوی کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ ’”یہ بی جے پی کے جھوٹے پروپیگنڈے کا حصہ ہے۔بی جے پی فرقہ پرست جماعت ہے ، میں ضرورت پڑنے پر سیاست چھوڑ دوں گا ، لیکن اگر میں مر بھی گیا تو ، میں بی جے پی میں شامل نہیں ہوں گا۔
نہ صرف ارجن سنگھ ، بلکہ بیشتر ریاستی اور مرکزی بی جے پی رہنماؤں نے بھی دعوی کیا ہے کہ ترنمول کانگریس کے بہت سے ارکان پارلیمنٹ بی جے پی میں شامل ہونے کے لئے تیار ہیں۔
سوگت رائے نے کہا ہےکہ بی جے پی قائدین جان بوجھ کر جھوٹ پھیلارہے ہیں اور لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ترنمول کانگریس کی جانب سے پارٹی کے سینئر ممبر پارلیمنٹ سوگت رائے کو شوبھندو ادھیکاری کے ساتھ بات چیت کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ بیرک پور سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ نے یہ دعوی کرتے ہوئے ترنمول کی تکلیف بڑھانے کی کوشش کی کہ وہ بھی بی جے پی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔