درگاہ آستانہ قادریہ بگدل میں جلسہ وزیارت آثار مبارک، خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب کا خطاب
حضور نبی کریمؐ کی محبت اُسی وقت دل میں آسکتی ہے جس کی زبان پر ہر وقت درود و سلام کا نذرانہ جاری رہتا ہے: شاہ محمد ادریس احمد قادری
بیدر: 17/نومبر (اے ایس ایم) حضور نبی کریمؐ کی محبت اُسی وقت دل میں آسکتی ہے جس کی زبان پر ہر وقت درود و سلام کا نذرانہ جاری رہتا ہے۔ رسول اللہؐ کی محبت دل میں بسائیں تو یقینا ہماری مصیبتیں ہم سے دور ہوں گی، سرکار دو عالم ؐ سے جو شخص محبت کرتاہے بندے کا یہ عمل دنیا و آخرت میں کام آنے والا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیر طریقت ڈاکٹر الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف نے یہاں آستانہ ہذا میں زیارت آثار موئے مبارک ؐ کے موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپؐ کے جسم مبارک کا ہر جز ہمہ تن نور ہے۔اس میں وہ برکت اور فضیلت رکھی ہوئی ہے جو کسی دوسری شئے میں نہیں ہے۔ رسول اللہ ؐ سے تعلق و نسبت رکھنے والی ہر چیز واجب التعظیم ہے، ذریعہ نجات وباعث فتح کامرانی ہے،موجب خیر و برکت،باعث ترقی،روحانی اور شفاء امراض جسمانی ہے۔
ڈاکٹر خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی نے کہا نبی کریم ؐ کے معجزات میں اہم معجزہ یہ ہے کہ حضورؐ کسی پتھر پر قدم مبارک رکھتے تو وہ نرم ہوجاتا اور قدم مبارک اس پر نقش ہوجاتے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ فرماتاہے کہ اے میرے بندے تو میرے محسنین سے قریب ہوجا تجھ کو یہاں سے میری رحمتیں حاصل ہوں گی۔ محسنوں میں سب سے بڑے محسن اللہ کے ولی ہوتے ہیں۔ حضرت سیدنا غوث اعظم ؓ و حضرت شاہ عبدالقادر گنج سوائی گنج بخش بادشاہ ناگوری ؒ کے ارشادات اور کرامات پر سیر حاصل روشنی ڈالت ہوئے مریدین کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ پانچ وقتو ں کی نمازوں کی سختی کے ساتھ پابندی کریں، ماں باپ کی خدمت اطاعت و فرمانبرداری غفلت و کوتاہی نہ کریں، اولیاء اللہ کے آستانوں سے عقیدت، صوفیاکرام، علمائے مشائخین اپنے پیر و مرشد اور اپنے بزرگوں کا ادب کریں۔
جلسہ کی کارروائی کاآغاز شاہ محمد حافظ نلدرگ کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ شجرہ عالیہ قادریہ کا ورد، محفل درود وسلام کے بعد ڈاکٹر الحاج شاہ محمد ادریس احمد صاحب کی نگرانی میں موئے مبارک ؐ کی زیارت بصد عقیدت و احترام کروائی گئی۔محمد لئیق احمد قادری بگدلی، محمد نسیم الدین پٹیل سابق صدر ضلع پنچایت بیدر، افراد خاندان کے علاوہ عاشقان رسول اللہ ؐ نے زیارت سے فیض حاصل کیا۔ سلام و فاتحہ تقسیم تبرکات ودعائے سلامتی کے بعد جلسہ تکمیل پذیر ہوا۔کوئڈ19قواعدکے مطابق انتظامات دیکھے گئے۔