ماں باپ سے بڑھکر حضورؐ سے محبت ایمان کی شرط: الطاف امجد
مسجد الماس، بسواکلیان میں جلسہ سیرتؐ سے جناب الطاف امجد کا خطاب
بسواکلیان: 4/نومبر (ایم آئی) تمام اہل ایمان کے لئے لازمی ہیکہ آپؐ کو آخری پیغمبر تسلیم کریں، انکی اطاعت و پیروی کو اپنا شعار بنائیں اور وہ آپؐ سے سچی محبت اس درجہ رکھیں کہ وہ اپنے والدین کی محبت سے بھی زیادہ ہو وگرنہ اہمان مکمل نہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار جناب الطاف امجد، کنوینر: سیرتؐ مہم نے مسجد الماس، بسوا کلیان میں منعقدہ جلسہ سیرت میں سامعین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ جلسہ جماعت اسلامی ہند، بسواکلیان کی جانب سے چلائی جارہی پندرہ روزہ سیرتؐ مہم، بعنوان: “حضورؐ ساری انسانیت کے رہنماء” کے دوران انجام دی جانے والی مختلف سرگرمیوں کے ضمن میں رکھے گیا تھا۔
دوران خطاب موصوف نے کہا کہ آپؐ سے صرف دلی وابستگی اور جذباتی لگاو کسی کی بھی کی نجات کے لئے کافی نہیں ہے بلکہ آپؐ کے احکامات کی اطاعت لازمی ہے۔ اگر ہم آپؐ کی سنتوں کا مطالعہ کریں تو یہ اچھی طرح سمجھ جائینگے کہ آپؐ کی سب سے بڑی سنت برادران وطن تک اسلام کی دعوت پہنچانا رہا ہے۔ جبکہ اس دور میں ساری دنیا کی مسلم امت کا بڑا حصہ اس فرض منصبی سے یا تو تغافل برت رہا ہے یا تو پھر اس دعوت کے کام کو فرض ہی نہںں سمجھتا۔ آخر میں الطاف امجد صاحب نے سامعین سے اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی کی اس مہم کو غنیمت جان کر اس میں ہر اعتبار سے تعاون کریں، اس مہم میں انجام شدنی تمام تر انفرادی و اجتماعی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھکر حصہ لیں تاکہ آپؐ اہم ترین سنت پر عمل ہو اور آپؐ سے محبت کا کچھ تو حق ادا ہو۔
علاوہ ازیں اس موقع پر جناب کلیم عابد منصوری صاحب، امیر مقامی، جماعت اسلامی ہند، بسوا کلیان نے بھی اختتامی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ساری دنیا میں مسلمان آپؐ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اہا نت رسولؐ کے خلاف عالمی احتجاج بلند کر رہے ہیں جو کہ بڑی اچھی علامت ہے لیکن آپؐ کی سیرت طیبہ جب تک ہم بہتر سے بہتر انداز میں دنیا کے سامنے پیش نہیں کرینگے، اسطرح کے حالات پیش آتے رہینگے۔ قبل ازیں جلسہ کا آغاز جناب علاوہ الدین صاحب کے افتتاحی کلمات سے ہوا جس میں انہیوں نے سیرتؐ مہم کا تعارف پیش کیا.