ہمناآباد، چٹگوپہ اور ہیلی کھیڑ(بی) بلدیات کے صدر اور نائب صدر کے انتخابات کی تاریخوں کااعلان
ہمناآباد: 3/نومبر (ایس آر) حکومت کرناٹک کی جانب سے ایک طویل وقفہ کے بعد ہمناآباد تعلقہ،چٹگوپہ تعلقہ،اور ہیلی کھیڑ(بی) بلدیات کے صدر اور نائب صدر کے انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے۔4نومبربروز چہارشنبہ کو صبح گیارہ بجے ہیلی کھیڑ(بی) بلدیہ کے صدر اور نائب صدر کے انتخابات ہونگے یہاں پر صدر کا عہدہ جنرل زمرے کے تحت رکھا گیا ہے اور نائب صدر کا عہدہ پسماندہ طبقات گروپ اے خاتون کے لئیے مختص کیا گیا ہے۔بلدیہ کا درجہ حاصل کرنے کے بعد ہیلی کھیڑ(بی) کے اولین بلدیاتی انتخابات میں کانگریس پارٹی نے شاندار جیت حاصل کی ہے۔
23رکنی بلدیہ میں کانگریس پارٹی کے 14آراکین بلدیہ موجود ہیں،صدر کاعہدہ حاصل کرنے کے لئیے کانگریس پارٹی کے دوآراکین بلدیہ مانتیا تیرتھ جو کے وارڈ نمبر 23سے منتخب ہوئے ہیں اور دسرے ناگ راج ہیبارے جو کے وارڈ نمبر 4سے منتخب ہوئے ان دونوں کے درمیان سخت مسابقت چل رہی ہے، نائب صدر کے عہدے پر اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والی خاتون رکن بلدیہ کا منتخب ہونا یقینی ہے کانگریس پارٹی میں اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والی چار خواتین ہیں جن میں وارڈنمبر6سے نسرین بیگم،وارڈنمبر 9سے حنا،وارڈنمبر 16سے نوربی محبوب صاحب،وارڈنمبر 21سے حُرمت بیگم شامل ہیں ان چارخواتین میں سے کسی ایک کا نائب صدر بننا طے ہے۔
ہمناآباد بلدیہ کے صدر اور نائب صدر کے انتخابات 6نومبر بروزجمعہ کو ہونگے یہاں پر صدر کا عہدہ ایس سی خاتون کے لئیے مختص کیا گیا ہے اور نائب صدر کا عہدہ جنرل خاتون کے لئیے مختص کیا گیا ہے۔ ہمناآباد کی ستائیس رکنی بلدیہ میں کانگریس پارٹی کے بیس آراکین ہیں جن میں ایس سی کو ٹہ سے دو خواتین منتخب ہوئی ہیں وارڈ نمبر 25ریشم کارخانہ سے بلامقابلہ منتخب ہونے والی کستور بائی اور وارڈ نمبر 26سے نیتو ملکا آرجن شرما ہیں ان دونوں میں سے کسی ایک کا صدر بلدیہ بننا طے ہے،جبکہ نائب صدر کے عہدے کے لئیے سخت مقابلہ کا امکان ہے جنرل کوٹے سے کانگریس پارٹی کے نو خاتون آراکین بلدیہ منتخب ہوئی ہیں جن میں چار آراکین بلدیہ کا تعلق اقلیتی طبقہ سے ہے جن میں وارڈ نمبر 3سے عشرت بیگم،وارڈ نمبر8 سے مولانا بی،وارڈ نمبر 11سے شاہین بیگم،وارڈ نمبر 14 سے بی پاشاہ ہیں۔ ہمناآباد میں عوام کے درمیان ایسی اطلاعات گشت کر رہی ہیں کے وارڈ نمبر 3سے عشرت بیگم نائب صدر کے عہدہ کی دوڑ میں آگے چل رہی ہیں۔
چٹگوپہ بلدیہ کے صدر اور نائب صدر کے انتخابات 7نومبر بروز ہفتہ کو ہونگے یہاں پر صدر کا عہدہ ایس سی خاتون کے لئیے مختص کیا گیا ہے اور نائب صدر کا عہدہ جنرل خاتون کے لئیے مختص کیا گیا ہے۔23رکنی چٹگوپہ کی بلدیہ میں کانگریس پارٹی 13آرکین بلدیہ موجود ہیں کانگریس پارٹی کو واضح اکثریت حاصل ہونے کے بعد بھی اس مرتبہ صدر کا عہد ہ حاصل نہیں ہو گا کیونکہ ایس سی خاتون کوٹے سے کانگریس پارٹی کے پاس کوئی خاتون رکن بلدیہ موجود نہیں ہے،بی جے پی کے 6آراکین بلدیہ منتخب ہوئے ہیں اور انکے پاس ایس سی کوٹے سے وارڈ نمبر 22سے مالاشری شام راؤ نے جیت حاصل کی ہے انکا صدر بلدیہ کے عہدے پر فائز ہونا طے ہے کانگریس پارٹی کو نائب صدر کے عہدے پر اکتفاء کرنا پڑے گا 13آراکین بلدیہ میں جملہ چار خواتین آراکین بلدیہ منتخب ہوئی ہیں جن میں ایک کا تعلق اقلیتی طبقہ سے ہے۔ہیلی کھیڑ(بی)،ہمناآباد بلدیہ کے صدر اور نائب صدراور چٹگوپہ بلدیہ کے نائب صدر کے ناموں کا قطعی فیصلہ ہونا ہنوز باقی ہے۔