ضلع بیدر سے

بیدر میں جماعت اسلامی کی ایمبولینس سرویس کا افتتاح، غریبوں کے لیے بلکل مفت سرویس کا اعلان

بیدر: 30/اکٹوبر (پریس ریلیز) جماعت اسلامی ہند، بیدر کی جانب سے آج جناب مولانا محمد یوسف کنی صاحب معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند کرناٹک کے ہاتھوں ایمبولینس سرویس کا آغاز کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر کی تاریخی جامع مسجد کے احاطہ میں بعد نمازِ جمعہ محمد یوسف کنی نے ایمبولینس کو سبز جھنڈی دکھاتے ہوئے اس کا افتتاح کیا۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ جماعت اسلامی ہند ملک اور ریاست بھر میں مصیبت کے ماروں کی مدد کے لیے ہر آن کھڑی رہی ہے۔ بے کس، مجبور و لاچار اور بے بسوں اور ضرورت مندوں کی امداد کے لیے جماعت کے ذریعہ مختلف فلاحی کام انجام دیے جاتے ہیں۔

جماعت اپنی تاریخ کے روز اول سے ہی ایسے فلاحی کاموں کے لیے اپنے آپ کو پیش کیا ہے۔ جماعت اسلامی ہند شہر بیدر کی جانب سے فراہم کی جانے والی اس ایمبولینس سروس کا یہ آغاز بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ یہ سرویس تمام مجبور، غریب عوام کے لیے فراہم کی جائے گی، بلا تفریق مذہب و ملت ہر کوئی اس سرویس سے مستفید ہوگا۔

اس موقع پر جناب محمد نظام الدین امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شہر بیدر نے بتایا کہ غریبوں کے لئے ایمبولینس سرویس بالکل مفت رہے گی جب کہ ایسے افراد جو صاحبِ استطاعت ہیں اور پیسہ دے سکتے ہیں ان سے معمولی چارجز جو کہ اس سرویس کو چلانے کے لیے درکار اور ضروری ہیں، بس وہی لیے جائین گے۔ اس موقع پر جناب محمد رحیم خان ایم ایل اے بیدر نے جماعت اسلامی کی بے لوث سرگرمیوں کوسراہتے ہوئے اس کام پر مبارک باد دی اور جماعت کی بے لوث خدمات ہی جماعت اسلامی کی ایک امتیازی صفت بتایا اور جماعت کے ذمہ داران کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر شری بسواراج ہیرا مٹھ ڈی ایس پی بیدر نےجماعت اسلامی کی اس خدمت کو انسانیت کے لیے بہترین مثال قرار دیا اور اپنی اور محکمہ پولیس کی جانب سے اس کام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس تقریب کی کاروائی محمد رفیق احمد ناظم سیرت مہم چلائی جب کہ تلاوت کلام پاک سے اس تقریب کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر محمد آصف الدین رکن شوری جماعت اسلامی ہند کرناٹک، محمد مجتبیٰ خان معاون امیر مقامی بیدر، محمد طحہ کلیم اللہ سیکریٹری مقامی جماعت اسلامی بیدر کے علاوہ وابستگان جماعت اور عامۃ المسلمین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر کہا گیا کہ جو اس سرویس سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور مزید تفصیلات کے لیے 9900138057، 8123066820، 7676000383 پر رابطہ کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!