خبریںقومی

اب کوئی بھی ہندوستانی جموں و کشمیر میں خرید سکتا ہے زمین، نوٹیفکیشن جاری

جموں و کشمیر اور لداخ میں اب ہندوستان کا کوئی بھی شخص زمین خرید سکتا ہے، لیکن زراعتی زمین صرف ان مرکز کے ماتحت ریاستوں کے لوگ ہی خرید پائیں گے۔

مرکز کی مودی حکومت نے جموں و کشمیر اور لداخ کو لے کر منگل کے روز ایک انتہائی اہم فیصلہ لیا ہے۔ جاری تازہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب ان دونوں مرکز کے ماتحت علاقوں میں باہر کے لوگوں کے لیے بھی زمین کی خرید فروخت کی اجازت دے دی ہے۔ وزارت داخلہ کے ذریعہ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مرکز کے ماتحت جموں و کشمیر تعمیر نو (مرکزی قوانین کی تخصیص) تیسرا حکم، 2020 جاری ہو گیا ہے اور فوری اثر سے نافذ بھی ہو گیا ہے۔

اس نوٹیفکیشن کے بعد جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ “ہم چاہتے ہیں کہ باہر کی صنعتیں جموں و کشمیر میں قائم ہوں، اس لیے صنعتی زمین میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ لیکن زراعت کی زمین صرف ریاست کے لوگوں کے پاس ہی رہے گی۔” غور طلب ہے کہ اس نوٹیفکیشن کے جاری ہونے سے پہلے تک جموں و کشمیر میں صرف وہاں کے باشندہ ہی زمین کی خرید و فروخت کر سکتے تھے۔

وزارت داخلہ کے ذریعہ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اب کوئی بھی ہندوستانی جموں و کشمیر میں فیکٹری، گھر یا دکان کے لیے زمین خرید سکتا ہے۔ اس کے لیے اسے کسی بھی طرح سے مقامی باشندہ ہونے کا ثبوت دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ سال دفعہ 370 کو ختم کر دیا تھا۔ اس کے بعد 31 اکتوبر 2019 کو جموں و کشمیر کو مرکز کے ماتحت ریاست کا درجہ دے دیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!